سمت بھارگو
راجوری//سب ڈویژن مہور کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) نے جاری موسمی صورتحال اور جاری تعمیراتی کاموں کے پیش نظر عوام کے لیے ایک اہم ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں لوگوں کو بارش کے دوران اہم سڑکوں پر سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ایڈوائزری کے مطابق بدھل-مہور-گول (بی ایم جی) جی آر ای ایف روڈ اور ریاسی-ارناس-مہور (آر اے ایم) جی آر ای ایف روڈ پر مختلف مقامات پر اس وقت زمین کی کٹائی (ارتھ کٹنگ) کا کام جاری ہے۔ اس کے علاوہ پی ایم جی ایس وائی اور محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کی کئی سڑکوں پر بھی ترقیاتی سرگرمیاں جاری ہیں۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ بارش کے دوران ان سڑکوں پر پتھر گرنے (شووٹنگ اسٹونز)، لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش جیسے خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، جو مسافروں کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتے ہیں۔ایس ڈی ایم دفتر کے مطابق عوامی تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے شہریوں کو سختی سے مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ خراب موسمی حالات میں ان سڑکوں کا استعمال نہ کریں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب برتیں۔مزید برآں، مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سفر کا ارادہ کرنے سے قبل موسمی پیشگوئی ضرور چیک کریں اور متعلقہ حکام کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔حکام نے اس بات پر زور دیا کہ جاری تعمیراتی کاموں کی تکمیل اور موسم کی بہتری تک ان ہدایات پر عمل کرنا نہایت ضروری ہے، تاکہ عوام کی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے۔