جموں //اپنی پارٹی خواتین ونگ صوبائی صدر جموں نمرتہ شرما نے دیگر خواتین لیڈران وکارکنان کے ہمراہ مہنگائی کے خلاف پر امن احتجاج کیا اور کورٹ گرفتاریاں دیں۔ نمرتہ کی قیادت میں سینکڑوں خواتین کارکنان پریس کلب جموں کے باہر جمع ہوئیں اور پٹرول، ڈیژل، ایل پی جی اور دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا۔ انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مظاہرین نے پریس کلب سے ڈوگرہ چوک کی طرف پیش قدمی کی تاہم آگے پولیس کی بھاری جمعیت نے اُنہیں آگے جانے سے روکا۔ اس دوران ہاتھاپائی بھی ہوئی لیکن پولیس نے اُنہیں آگے بڑھنے نہیں دیا، جس کے بعد مظاہرین نے گرفتاریاں دیں۔ متعد د خواتین کو پولیس کی گاڑیوں میں احتیاطی طور حراست میں لیاگیا اور بعد ازاں اُنہیں چھوڑ دیاگیا۔ احتجاج میں نائب صدر پونیت کور، جیوتی وید، ضلع کارڈی نیٹر سربجیت کور، صوبائی سیکریٹری اچھپال کور، صوبائی سیکریٹری میناکشی، صوبائی سیکریٹری راکھی، پرویندر کور، مونیکا، رجنی دیوی، پروین کور اور سنیتا دیوی وغیرہ بھی شامل تھیں۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے نمبرتہ شرما نے کہاکہ سیاسی جماعتیں جموں وکشمیر میں عوام بالخصوص خواتین کو درپیش مشکلات ومسائل پر خاموش ہیں۔ اپنی پارٹی اُن معاملات پر خاموشی اختیار نہیں کرے گی جس سے لوگوں کی معمول کی زندگی متاثر ہورہی ہے۔