راجوری //بدھل کے مڈل اسکول بٹاں میں طلباء کی تعداد 80ہے تاہم ان کے بیٹھنے کی جگہ نہیں ۔ عمارت کی عدم دستیابی سے طلباء کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں اور بارش ہونے پر انہیں گھر میں ہی بیٹھنا پڑتاہے ۔اگرچہ کہ کرایہ پر ایک مکان لیاگیاہے لیکن اس میں سبھی طلباء کے بیٹھنے کی گنجائش نہیں ۔ ایک مقامی شخص نے بتایا کہ ریاستی سرکار تعلیم کے حوالے سے دعوے توبڑے بڑے کرتی آرہی ہے لیکن زمینی سطح پر حالات اس کے برعکس ہیں ۔انہوںنے کہاکہ سرکاری اسکولوں کا حال یہ ہے کہ طلباء کوبیٹھنے کے لئے جگہ تک دستیاب نہیں ۔ان کاکہناہے کہ پانچ سال سے محکمہ اسکولی عمارت تعمیر مکمل نہ کرواسکا ہے جس کی وجہ سے بچوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔ طلباء کے والدین نے ریاستی سرکارسے اپیل کی ہے کہ درہال بدھل میں تعلیمی نظام میں بہتری لائی جائے ۔