جموں// مہذب سماج سے منشیات اور نشہ کی وباء کو ختم کرنے کیلئے ایوان اسمبلی میں لائی گئی قرارداد پاس ہوئی ہے۔ایوان زیرین میں جمعہ کو کانگریس لیڈر وممبر اسمبلی بانہال وقار رسول نے نشہ اور منشیات کے متعلق ایک قرارداد ایوان میں پیش کی تھی جس کو صوتی ووٹوں کے بعد منظور کرلیاگیا ۔اس قرادداد پر ممبران کی جانب سے ہوئی بحث کے بعد جب اسمبلی کے اسپیکر کی طرف سے ووٹنگ کرانے پر حزب اختلاف کے سبھی ممبران نیشنل کانفرنس،کانگریس، سی پی آئی ایم، پی ڈی ایف اور آزاد ایم ایل اے اودھم پور پون کمار گپتا نے یک زباں ہوکر اس کے حق میں ووٹ دیا ۔ قرار داد پر بولتے ہوئے ممبر اسمبلی بانہال وقاررسول نے کہاکہ نشہ کی وباء نے سماج کو مکمل طور کھوکھلا کر دیاہے۔ہیروئن،چرس، گانجا، افہیم، کوکین،پکی وغیرہ نہ جانے سینکڑوں قسم کے نشے ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے قرار داد کا جو جواب دیا ہے اور اس میں حکومتی اقدامات کا جو ذکر ہے ، عملی طور یہ زمین پر کہیں دکھائی نہیں دیتے۔ کانگریس کے اعجاز احمد خان نے کہاکہ جموں وکشمیر ریاست میں منشیات کا استعمال حد درجہ پہنچ چکا ہے ۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیاکہ اگر سرکار نے فوری ٹھوس اقدامات نہ اٹھائے تو پھر پڑوسی ریاست پنجاب کی طرح یہاں پر بھی ’اڑاتا جموں‘نام کی فلم ڈرگس پر بنے گی۔انہوں نے مانگ کی کہ اس قرار داد کو پاس کر کے انسدادِ نشہ کے لئے سخت اقدامات اٹھائے جائیں۔ ایم ایل اے بانڈی پورہ عثمان مجید نے مطالبہ کیاکہ منشیات اسملنگ، کاروبار میں جوبھی پکڑا جاتاہے اس پر پبلک سیفٹی ایکٹ لگایاجائے گاجبکہ دیگر ممبران نے بھی اس پر سخت احتجاج کیا اور اس قراردادکو ایوان میں پاس کرنے کا مطالبہ کیا ۔ طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے کہا کہ حکومت نے اس بدعت کو روکنے کے لئے سپیشل ٹاسک فورس ترتیب دیا ہے جو اس بدعت کے خاتمے کے لئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے گا۔انہوں نے ممبران کو یقین دلایا کہ سرکار اس معاملے میں سنجیدگی سے کام کر رہی ہے ۔