عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے جمعرات کو مرکز کی بی جے پی قیادت والی این ڈی اے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (منریگا) کو ختم کر کے اسے ’’وکست بھارت — گیارنٹی فار روزگار اینڈ آجیویکا مشن (گرامین) ایکٹ، 2025‘‘ سے بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منریگا عوام کی آواز اور ان کا بنیادی حق ہے، اور کانگریس کسی بھی قیمت پر اسے ختم نہیں ہونے دے گی۔جواہر بھون میں منعقد نیشنل منریگا ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی موجودگی میں راہل گاندھی نے کہا، “منریگا نے غریبوں کو حق دیا، وقار کے ساتھ روزگار مانگنے کا حق۔ یہ عوام کی آواز تھی، جسے نریندر مودی ختم کرنا چاہتے ہیں۔” راہل گاندھی نے تین زرعی قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح کسانوں نے سیاہ قوانین کو روک دیا، اسی طرح آج مزدوروں کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے۔
ان کے مطابق نئی اسکیم کے تحت مرکز یہ طے کرے گا کہ کس ریاست کو کتنا پیسہ ملے گا، اور بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں کو زیادہ جبکہ اپوزیشن کی حکومت والی ریاستوں کو کم فنڈ دیا جائے گا۔انہوں نے الزام لگایا کہ اب مرکز ہی یہ فیصلہ کرے گا کہ کہاں کام ہوگا، کب ہوگا اور مزدوری کتنی ملے گی، جبکہ مزدوروں کے جو حقوق تھے وہ ٹھیکیداروں کے ہاتھ میں چلے جائیں گے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی کا نظریہ یہ ہے کہ ملک کی دولت چند لوگوں کے ہاتھ میں رہے اور وہی ملک کو چلائیں۔ انہوں نے مزید کہا، “بی جے پی جمہوریت، آئین اور ’ایک شخص، ایک ووٹ‘ کے تصور کو ختم کرنا چاہتی ہے۔ یہ لوگ آزادی سے پہلے والے ہندوستان کو واپس لانا چاہتے ہیں۔ ہمیں متحد ہو کر انہیں روکنا ہوگا۔ جس دن ہم سب اکٹھے ہو گئے، نریندر مودی کو پیچھے ہٹنا پڑے گا اور منریگا بحال ہو جائے گا۔کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی اسی طرح کے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منریگا کو ختم کرنا محض کمزور طبقات پر حملہ نہیں بلکہ مہاتما گاندھی کو عوامی یادداشت سے مٹانے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا، “یہ پہلا موقع ہے کہ کسی حکومت نے مہاتما گاندھی کے نام والی اسکیم کو ختم کرنے کی جرأت کی ہے۔ قوم اسے برداشت نہیں کرے گی۔” کھڑگے نے کہا کہ منریگا نے 100 دن کے روزگار کی قانونی ضمانت دی تھی، جسے اب ختم کیا جا رہا ہے، اور کانگریس اس حق کو بچانے کے لیے ہر سطح پر جدوجہد کرے گی۔