منجا کوٹ //منجا کوٹ تحصیل میں ابھی تک کوئی بڑا کھیل کا میدان تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے کھلاڑی کھیتوں اور نا ہموار جگہوں پر مختلف قسم کے کھیل کھیلنے پر مجبور ہیں ۔مقامی نوجوانوں نے ضلع اور جمو وکشمیر انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سرحدی تحصیل میں نوجوانوں کو کھیل کے میدان جیسی کوئی سہولیات ہی دستیاب نہیں کی گئی ہے ۔انہوں نے مرکزی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کیلئے مختلف سکیمیں شروع کی گئی ہیں لیکن سرحدی علاقوں میں مذکورہ سکیموں کو لاگو کرنے کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔غور طلب ہے کہ حکومت کی جانب سے پنچایتوں میں کرکٹ ،والی بال ،کھو کھو و دیگر کھیلوں کی جانب نوجوانوں کو راغب کرنے اور ان کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے حکو مت کی جانب سے ایک خصوصی مہم شروع کی گئی ہے لیکن مذکورہ مہم کے اثرات زمینی سطح پر کم اور کاغذوں میں زیادہ دیکھائی دے رہا ہے ۔تحصیل میں کھیل کا میدان نہ ہونے کی وجہ سے نوجوان کھلاڑی ناہموار جگہوں اور کھیتوں میں کرکٹ ،والی بال و دیگر کھیلیں کھیلنے پر مجبور ہیں ۔مکینوں و نوجوانوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ منجا کوٹ تحصیل میں کھیلوں کا میدان تعمیر کروایا جائے تاکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقعہ مل سکے ۔