رمیش کیسر
نوشہرہ// نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور راجوری پارلیمانی نشست سے رکن پارلیمان میاں الطاف احمد لاروی پیر کے روز نوشہرہ کے دبڑ گاؤں میں ایک دعوتی تقریب میں شرکت کے لئے پہنچے، جہاں انہوں نے جموں و کشمیر بالخصوص نوشہرہ کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی۔ممبر پارلیمنٹ سب انسپکٹر محکمہ پولیس محمد اسلم کے گھر منعقدہ دعوت میں شرکت کے لیے خصوصی طور پر دبڑ گاؤں پہنچے۔
ان کی آمد کی خبر پھیلتے ہی سینکڑوں کی تعداد میں عقیدت مند وہاں جمع ہو گئے، جن میں ہندو اور مسلم دونوں مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے، جو ان سے ملاقات اور دعاؤں کے لیے بے تاب نظر آئے۔تقریب کے دوران موصوف نے علاقے کے عوام کے ساتھ ملاقات کی اور ان کے مسائل بھی سنے۔ انہوں نے اپنے خطاب اور دعا میں جموں و کشمیر میں امن و امان کے قیام، عوامی فلاح و بہبود اور خطے کی ہمہ جہت ترقی پر زور دیا۔ انہوں نے خاص طور پر نوشہرہ کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ یہ علاقہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو اور یہاں کے لوگ خوشحال زندگی گزاریں۔ذرائع کے مطابق تقریب تقریباً ایک گھنٹہ پینتالیس منٹ تک جاری رہی، جس دوران بڑی تعداد میں لوگوں نے ان سے فرداً فرداً ملاقات کی اور اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر عقیدت مندوں نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔تقریب کے اختتام کے بعد میاں الطاف احمد لاروی اندر روٹھ گاؤں کے لیے روانہ ہو گئے، جہاں ان کی مزید عوامی مصروفیات طے تھیں۔ ان کی اس دورے کو مقامی سطح پر کافی اہمیت دی جا رہی ہے اور لوگوں نے اسے باہمی بھائی چارے اور یکجہتی کی ایک مثبت مثال قرار دیا ہے۔