مکمل خاتمہ کیلئے پُرعزم،کارروائیاں جاری رکھی جائیں،تمام وسائل فراہم ہونگے:شاہ
نئی دہلی//مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے جمعرات کونئی دہلی میں جموں و کشمیر سے متعلق ایک سیکیورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، مرکزی داخلہ سکریٹری، ڈائریکٹر آئی بی ، جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل پولیس، مرکزی مسلح پولیس فورسز کے سربراہان اور دیگر اعلیٰ افسران شریک تھے۔میٹنگ کے دوران مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ کو جموںوکشمیر کی سیکورٹی صورتحال پر مفصل طور بریف کیاگیا۔ امت شاہ نے میٹنگ میں کہا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومتِ ہند جموں و کشمیر میں دیرپا امن قائم کرنے اورملی ٹینسی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔ ملی ٹینسی کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کو دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی مسلسل اور مربوط کوششوں کے نتیجے میں جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی کا پورا نظام مفلوج ہو چکا ہے۔امت شاہ نے جموں و کشمیر میں سیکیورٹی کی صورتحال کو مستحکم بنانے کے لیے سیکیورٹی ایجنسیوں کی کوششوں کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ملی ٹینٹوں کے ڈھانچے اورملی ٹینسی کی مالی معاونت کو نشانہ بنانے والی انسدادِ ملی ٹینسی کارروائیاں مشن موڈ میں جاری رکھی جائیں۔مرکزی وزیرِ داخلہ نے تمام سیکیورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ چوکس رہیں اور باہمی ہم آہنگی کے ساتھ کام جاری رکھیں تاکہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد حاصل ہونے والی کامیابیوں کو برقرار رکھا جا سکے اور جلد از جلد ’’ملی ٹینسی سے پاک جموں و کشمیر‘‘ کے ہدف کو حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اس مقصد کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے۔