نئی دہلی// ملک بھر میں منگل کی شام تک کل ٹیکہ کاری کی تعداد 65 کروڑ سے زیادہ ہوگئی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی ہماچل پردیش پہلی ایسی ریاست ہے جس کے ہر شخص کو کورونا وبا سے بچاؤ کے ٹیکے کی پہلی خوراک لگائی جاچکی ہے ۔ادھراطلاع و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے کہا ہے کہ ہندوستان میں کورونا سے بچاؤ کے لئے چلائی جاری ٹیکہ کاری مہم ہندوستان کے عزم کو طاہر کرتی ہے اور یہ موثر عوامی تقسیم کی ایک واضح کہانی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں یومیہ بنیاد پر ٹیکہ کاری کرانے والے لوگوں کی تعداد کئی ممالک کی آبادی سے دوگنی تین گنی ہے ۔ یہ اصل میں ‘آپ کی کوشش’ ہے ۔
عدالت عظمیٰ کی ذہنی مریضوں کی ویکسی نیشن کو یقینی بنانے کی ہدایت
نئی دہلی// عدالت عظمیٰ نے ملک کے مختلف اسپتالوں اور ذہنی صحت کے اداروں میں رکھے گئے ذہنی مریضوں کی بحالی اور ویکسینیشن کے لیے جامع ہدایات جاری کی ہیں۔جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بدھ کو ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ہدایت دی کہ وہ اس طرح کے ذہنی مریضوں کے لیے مقررہ حد کے اندر ویکسینیشن کو یقینی بنانے کے لیے ایک مقررہ نظام الاوقات بنائیں۔بنچ میں جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس ہیماکوہلی بھی شامل ہیں۔عدالت نے متعلقہ اسپتالوں اور صحت کے اداروں کو ہدایت کی کہ وہ ایک ماہ کے اندر دماغی مریضوں کے علاوہ ہیلتھ ورکرز اور اسپتال کے عملے کو ویکسین دیں۔عدالت نے یہ ہدایات گورو بنسل کی درخواست پر دی ہیں۔ انہوں نے ہی ذہنی مریضوں کی بحالی اور ویکسینیشن کے لیے ہدایات جاری کرنے کی درخواست کی تھی۔ادھر بہار میں وزیر صحت منگل پانڈے نے کہا کہ محکمہ صحت ذہنی امراض کا مناسب علاج فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔ اضلاع سے بلاک اور پنچایت کی سطح تک بیماریوں کی روک تھام کے لیے بیداری پھیلائی جا رہی ہے ۔ کورونا کے دوران سے اب تک کئی معنی خیز اقدامات کیے گئے ہیں۔ جہاں کورونا نے جسمانی طور پر چیلنجز پیدا کیے وہیں اس نے ذہنی بیماریوں کو بھی دعوت دی۔ اس سے نمٹنے کے لیے محکمہ صحت نے امید پروگرام شروع کیا جس کے نتیجے میں بیماریوں کو کافی حد تک کنٹرول کیا گیا۔