محتشم احتشام
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اشوک کمار شرما نے منگل کے روز کہا ہے کہ تاریخی اور اہم شاہراہ مغر روڈ پونچھ کی جانب سے مکمل طور پر صاف کر دی گئی ہے اور ٹریفک کی بحالی کے لئے انتظامیہ پْرامید ہے، تاہم پیر کی گلی کے پار چند تکنیکی اور موسمی نوعیت کی رکاوٹیں تاحال موجود ہیں جنہیں دور کرنے کیلئے تیز رفتار اقدامات جاری ہیں۔ڈی سی پونچھ نے بتایا کہ پیر کی گلی کے آگے درپیش مسائل کو ضلع انتظامیہ پونچھ نے ضلع شوپیاںکے ڈپٹی کمشنر کے ساتھ باہمی تال میل کے ذریعے اٹھایا ہے اور دونوں اضلاع کی انتظامیہ مشترکہ حکمت عملی کے تحت سڑک کی مکمل بحالی کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمے مسلسل برف ہٹانے، لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ حصوں کی مرمت اور سڑک کی حفاظت سے متعلق امور پر کام کر رہے ہیں تاکہ گاڑیوں کی آمدورفت محفوظ اور ہموار بنائی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر موسمی حالات سازگار رہے تو آئندہ چند روز میں مغل روڈ کو باقاعدہ طور پر ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا۔ انتظامیہ کی اولین ترجیح عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے، اس لیے کسی بھی قسم کی جلد بازی کے بجائے تمام حفاظتی تقاضوں کو مکمل کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ مغل روڈ خطہ پیر پنجال کو وادی کشمیر سے جوڑنے والی ایک اہم شاہراہ ہے جو نہ صرف عوامی آمدورفت بلکہ تجارتی سرگرمیوں کیلئے بھی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ سڑک کی بندش کے باعث مسافروں کو متبادل طویل راستے اختیار کرنے پڑ رہے تھے جس سے وقت اور اخراجات دونوں میں اضافہ ہوا۔علاقہ مکینوں نے امید ظاہر کی ہے کہ سڑک کی جلد بحالی سے معمولاتِ زندگی بحال ہوں گے اور سرحدی ضلع پونچھ کو وادی کے ساتھ براہِ راست رابطہ دوبارہ میسر آئے گا۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بحالی کے اعلان تک غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سرکاری ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔