لندن//عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہینم گیبراسس کا کہنا ہے کہ ان کے ادارے کو یورپ اور شمالی امریکہ میں کرونا وائرس کیسز میں تیزی سے اضافے پر بہت تشویش ہے۔پیر کو جنیوا میں پریفنگ کے دوران ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے اْن کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث طبی عملے پر کام کا دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔خیال رہے کہ کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے ایک شخص سے ملاقات کے بعد ڈبلیو ایچ او کے سربراہ دو ہفتے قرنطینہ میں رہنے کے بعد واپس آئے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی ویکسینز کے بارے میں حالیہ خبریں حوصلہ افزا ہیں۔ پیر کو امریکی کمپنی موڈرنا نے اپنی کرونا وائرس کی ویکسین کے تجربات کے نتائج کا اعلان کیا۔ کمپنی کے مطابق تجربات میں ویکسین 94.5 فی صد کیسز میں مفید ثابت ہوئی۔ڈبلیو ایچ او کی چیف سائنس دان سومیا سوامی ناتھن کا کہنا ہے کہ جون 2021 تک عالمی سطح پر ویکسین کی ترسیل کے لیے بہت کم خوارکیں دستیاب ہوں گی۔موڈرنا کے ویکسین کے تجربات کے فیز 3 میں 30 ہزار رضاکاروں پر تجربات کیے گئے۔