۔3کلوچرس سمیت سمگلرکی گرفتاری کا دعویٰ
راجوری// راجوری میں پولیس ایک منشیات سمگلر کو چرس کی بھاری کھیپ سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس نوشہرہ ، گردھاری لال شرما نے بتایا کہ ایس ایچ او دھرمسال نیرج چوہدری اور ایس ڈی پی او نوشہرہ ذاکر شاہین مرزا کی نگرانی میں پی ایس آئی ارون باوا کی سربراہی میں دھرمسال پولیس اسٹیشن کی ایک ٹیم سولکی ناکہ پر معمول کی ناکہ چیکنگ کررہی تھی کہ ایک آٹوJK11A-9647کو روکنے کا اشارہ کیاگیا۔انہوںنے کہا کہ معمول کی جانچ پڑتال پر آٹو رکشہ کی تلاشی لی گئی جس دوران مشتبہ منشیات کو گاڑی کی پچھلی سیٹ پر پایا گیا۔ایڈیشنل ایس پی نے بتایا کہ گزیزٹڈ آفیسر کی موجودگی میں گاڑی کی اچھی طرح سے تلاشی لی گئی اور چرس کے تین بند پیکٹوں کوبرآمد کیاگیا جن میں 3 کلو اور600 گرام منشیات کا مواد برآمد کیا گیا۔انہوںنے کہا کہ ’’ملزم کی شناخت شاہد احمد کبیر ولد کبیر حسین قریشی کے نام سے ہوئی ہے اور اسے گرفتار کرکے گاڑی ضبط کرلی گئی ہے جبکہ معاملہ کی مزید تحقیقات جاری ہے۔
سرنکوٹ میں خاطی ڈرائیوروں کیخلاف کارروائی
بختیار حسین
سرنکوٹ// سرنکوٹ کے چیک پوسٹ کے مقام پر سرنکوٹ پولیس نے ناکہ لگا کرخاطی ڈرائیوروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جس دوران بغیر کاغذات اور ہیلمٹ کے بغیر گاڑی چلانے والے ڈرائیوروں کے خلاف چالان کاٹے گئے۔ اسی طرح اوور لوڈ نگ،تیز رفتاری پر بھی چالان کاٹے گئے ۔ سب انسپکٹر نے بتایا کہ کل 31 چالان کاٹے گئے ہیں اور ڈرائیور طبقہ کو کاغذات مکمل کر کے رکھنے کی تلقین کی گئی ہے اور ٹریفک قوانین پر عمل کی تلقین بھی کی جا رہی ہے۔
وسیم رضوی کی حرکت نا قابل برداشت:مولانا شبیر رضا
مہور//مولانا شبیر احمد رضانے دیول ڈوگہ گلاب گڑھ میں بابا عظیم رحمت اللہ علیہ کے عرس کے موقع پر عوام سے خطاب کے دوران چند روز قبل وسیم رضوی کے قرآن عظیم کے متعلق حالیہ بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور خطاب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوے بتایا کہ وسیم نامی شخص کی قرآن عظیم اور صحابہ کرام کے متعلق توہین آمیز حرکت نا قابل برداشت ہے کیوں کے اس نے مسلمانوں کے جذبات کو للکارا ہے اور ہمارے ملک کی پر امن فضا کو آگ کے حوالے کرنے کی نا پاک کوشش کی ہے ۔انہوں نے حکومت وقت سے اپیل کی کہ اس شخص کو فورا ً گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دے کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
ڈاک بنگلہ منجاکوٹ میں عوامی دربار
پرویز خان
منجاکوٹ//وائس چیئرمین و ڈی ڈی سی ممبر منجاکوٹ شبیر احمد خان کی موجودگی میں منگلور کے روز ڈاک بنگلہ منجاکوٹ میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جہاں کافی مسائل اجاگر ہوئے۔ اس موقع پر تمام محکمہ جات کے افسران کے علاوہ سرپنچوں، پنچوں کے علاوہ معزز شہریوں نے بھی شرکت کی جہاں بجلی، پانی، راشن اور سڑکوں کی مرمت کے علاوہ دیگر کئی مسائل اجاگر کئے گئے ۔شبیر احمد خان نے میٹنگ میں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ لوگوں کے تمام جائز مسائل متعلقہ محکموں سے حل کروانے کی پوری کوشش کریں گے جبکہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ پنچائتی سطح پر تعمیر و ترقی میں پوری کوشش کریں گے تاکہ لوگوں کو کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
بارشوں کا سلسلہ دوبارہ شروع
عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے بالائی و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا۔منگل کو شام کے وقت بالائی میدانی علاقوں میں دوبارہ بارشوں کا سلسلہ شروع جہاں دن بھر میدانی علاقے میں تیز ہوائیں چلتی رہی اور شام ہوتے ہی ہلکی بارش شروع ہوئی ۔بالائی علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی جو آخری اطلاع ملنے تک جار ی تھی۔
مینڈھر میں وسیم رضوی کیخلاف طلباء کا احتجاج
جاوید اقبال
مینڈھر//قرآن پاک کی گستاخی پر سٹوڈنٹس یونین مینڈھر نے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس موقعہ پر مظاہرین نے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وسیم رضوی جیسے سماج دشمن عناصر کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے وسیم کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ اس قسم کے لوگ مذہب کے خیر خواہ نہیں بلکہ سماج کوتقسیم کرنے کے لئے کوشاں ہوتے ہیں اور اس ملعون مرتد نے بھی یہی کوشش کی ہے تاکہ مسلمانوں کو آپس میں تقسیم کیاجاسکے۔ان کاکہناتھاکہ وسیم رضوی کے خلاف حکومت کو سخت کارروائی کرناہوگی کیونکہ اس نے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔
ٹھاٹھری میں ڈرگ مافیا سرگرم، انتظامیہ خاموش | سیول سوسائٹی نے پریس کانفرنس میں لگایا الزام
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //سیول سوسائٹی نے ڈوڈہ ضلع کے قصبہ ٹھاٹھری میں منشیات کے کاروبار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کی خاموشی پر حیرانگی کا اظہار کیا ہے۔سماجی کارکن وریندر کمار شرما نے سیول سوسائٹی ممبران کی موجودگی میں ڈاک بنگلہ میں ایک پریس کانفرنس سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ قصبہ ٹھاٹھری میں منشیات کا غیر قانونی کاروبار تیزی سے پھیل رہا ہے اور نوجوان نسل اس کا شکار ہو رہے ہیں۔انہوں نے الزام لگایاکہ ٹھاٹھری میں ڈرگ مافیا سرگرم ہے، شراب، چرس، افہیم و دیگر منشیات کا کاروبار عام ہے اور انتظامیہ خاموش ہے۔وریندر شرما نے مزید کہا کہ انہوں نے سب ڈویژنل مجسٹریٹ ٹھاٹھری اطہر آمین زرگر سے بھی ملاقات کی اور اس بارے میں تحریری طور پر ایک یادداشت پیش کی جس میں سیول سوسائٹی، سیول و پولیس کے تعاون پر زور دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ڈرگ مافیا کو بے نقاب کرنے میں انتظامیہ کا تعاون اہم ہے اور انہیں خاموشی کے بجائے حرکت میں آنا چاہیے تاکہ معاشرہ کو اس وباء سے بچایا جا سکے۔سیول سوسائٹی نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر ہم نے وقت پر اس وباء کی روک تھام کیلئے اقدامات نہیں کئے تو عنقریب ہم اپنی نسل کو کھودیں گے۔
زمینی تنازع کو لیکر2 خاندانوں میں جھگڑا | خاتون شدیدزخمی ،بانہال میں احتجاج
بانہال//بانہال رام بن میںزمینی تنازع کو لیکر2 خاندانوں کے درمیان جھگڑے میں ایک خاتون شدید طور پر زخمی ہو گئی۔جموں و کشمیر کے ضلع رام بن کے تحصیل بانہال میں زمینی تنازع کو لیکر2خاندانوں کے درمیان جھگڑا ہوا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون شدید طور پر زخمی ہوگئی۔جس کے بعد پولیس کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمی خاتون کو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال میں منتقل کیا۔اس واقعے کے بعد مقامی لوگوں نے سڑک پر آکر احتجاج کیا، جس کے چلتے ٹریفک کی آمد و رفت بھی متاثر رہی۔
تاجروں کا وفد پونچھ میونسپلٹی کے چیئر مین سے ملاقی
حسین محتشم
پونچھ//پونچھ میونسپلٹی کے چئیرمین سنیل کمار شرما نے کہا ہے کہ پونچھ میونسپلٹی تاجروں کو ہر طرح کا تعاون دینے کے لئے پْرعزم ہے۔اِن باتوں کا اِظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پیوپار منڈل پونچھ کے وفد سے تبادلہ خیال کرنے کے دوران کیا۔وفد کی قیادت کرتے ہوئے نیشو گپتا جو کہ بیوپار منڈل پونچھ کے اہم رکن ہیں نے چئیر مین کو تاجروں کو درپیش مسائل کے بارے میں بتایا ۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ میں مختلف عوامی مقامات اور بس اڈہ پونچھ پر نسب میونسپلٹی کے کچرہ پیٹیوں کی خستہ حالت ہے اور اس سے پیدا ہونے والی بدبو سے تاجروں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا قلعہ پونچھ کے سامنے اور پریڈ پارک پونچھ میںبنائے گئے بیت الخلاء کی مرمتی کا بھی مطالبہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ بیت خلا کی خستہ حالت ہونے کی وجہ سے وہ قابل استعمال نہیں ہے ۔جس کی وجہ سے دکاندارو اور صارفی کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنے پڑتا ہے انہوں نے اس کی مرمتی کا بھی مطالبہ کیا ۔چئیر مین موصوف نے وفد کے مطالبات اور مسائل کو بغور سنا اور اْنہیں یقین دِلایا کہ تجارت اور صنعتی شعبے سے متعلق تمام امور کا منصوبہ بند طریقے پر حل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تاجروں کو تمام جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔اْنہوں نے تاجروں سے بھی میونسپلٹی پونچھ کا تعاون کرنے کی اپیل کی۔
ایس پی اوز کو مستقل کرنے کا مطالبہ
حسین محتشم
پونچھ// اپنی پارٹی کے لیڈر تنویر چوہدری نے کہا کہ ایس پی اوز کے لئے جاب پالیسی مرتب کرنا بہت ضروری ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان اہلکاران کو جو تنخواہ دی جا رہی ہے وہ بہت کم ہے۔انہوں نے کہا کہ چوبیس گھنٹے تک کام کرنے والے ایس پی اوز جو تین سال سے کام ر رہے ہیں ان کو 9ہزارجو پانچ سال سے کام کر رہے ہیں ان کو12ہزار اور جو پچھلے پندرہ سال سے کام کر رہے ہیں ان کو صرف 15 ہزار روپئے تنخواہ دی جاتی ہے جو بہت بڑی ناانصافی ہے۔انہوں نے کہا کہ بغیر چھٹی کے کام کرنے والے ان ایس پی اوز کا آخر کیا جرم ہے جو مستقل پولیس اہلکاران کے شانہ با شانہ کام کرتے ہیں لیکن ان کے لئے کوئی جاب پالیسی مرتب نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے تمام ایس پی اوز کو فوری مستقل کرنے اوران کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے کی لفٹینٹ گورنر سے مطالبہ کیا۔
جی ڈی سی سرنکوٹ میں توسیعی لیکچر کا اہتمام
حسین محتشم
پونچھ//گورنمنٹ ڈگری کالج سرنکوٹ سالانہ این ایس ایس کیمپ کے دوران ایک توسیعی لیکچر کا انعقاد کیاگیا۔ اس دوران پروفیسر رانی مغل ایچ او ڈی شعبہ نباتیات اور کوآرڈینیٹر ویمن ایمپاورمنٹ سیل گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ نے خطاب کرتے ہوئے این ایس ایس کے ایک نعرے "میں نہیں بلکہ آپ" پر روشنی ڈالی ۔انہوں نے کہا این ایس ایس کا مقصد انسانیت کی خدمت کرنا ہے۔انہوں نے رضا کار نوجوانوں کو بغیر تعصب اورذاتی مفاد کے عوامی خدمات انجام دینے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جو اگر بڑے عہدے حاصل کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو انھیں اپنا آپ ہی بوجھ لگنے لگتا ہے ۔انہوں نے کہا ایسا نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے طلبا کی زندگی میں اساتذہ کا کردار پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا اساتذہ نہ صرف طلبہ کومعلومات فراہم کرتے ہیں بلکہ وہ ان کو ایک صیح راستہ بھی دیکھاتے ہیں۔ اس تقریب کی صدارت کالج کے پرنسپل ڈاکٹر جسبیر سنگھ نے کی۔ انہوں نے بھی اپنے صدارتی خطاب میں این ایس ایس کی اہمیت اور نوجوان رضاکاروں کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے شرکا کو صحت مند کھانے کی ترغیب دی کیونکہ کھانا صحتمند رہنے کے لئے ضروری ہے۔انہوں نے شرکاء کو تناؤ سے بچنے ، اپنے مذہب پر عمل کرنے اور خوش رہنے کی اپیل کی۔
ایس آر ایس لائبریری کی عظمت ِ رفتہ بحال کی جائے: بصیر خان
جموں//لیفٹنٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے افسروں کو ایس آر ایس لا ئبریری جموں کی عظمتِ رفتہ بحال کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے یہ ہدایات شہر کے مرکز میں قائم اس سہولت کا دورہ کرنے کے دوران دیں ۔ مشیر نے محکمہ کی جانب سے لا ئبریری کی بحالی کے کام کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے لا ئبریری میں موجود قیمتی مسودات کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھانے کی متعلقہ حکام کو ہدایت دی اور ان مسودات کو آنے والی نسلوں کیلئے محفوظ رکھنے کی غرض سے ان کی ڈیزٹائیزیشن کے امکانات پر غور کرنے کیلئے بھی کہا ۔ مشیر بصیر خان نے لا ئبریری میں آئی ٹی مرکز قائم کرنے کیلئے کہا تا کہ لا ئبریری میں دستیاب کُتب کو انٹر نیٹ پر بھی تلاش کر سکیں ۔ انہوں نے ریڈنگ روم کی صلاحیت میں اضافہ کرنے کیلئے کہا اور کنٹین سہولت قائم کرنے پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے لائیبریری میں سی سی ٹی وی ، اے سیز اور پینے کے پانی کی سہولیات بھی بہم رکھنے کی متعلقہ حکام کو ہدایت دی ۔
پونچھ پولیس کی جانب سے محفل ِمشاعرہ کا اہتمام
حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ کیگورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ کے کانفرنس ہال میں پولیس نے محفل مشاعرہ کا اہتمام کیا اس دوران ضلع کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے نامور شعراء نے شرکت کی۔ اس موقع پر شعرا ء نے بھائی چارہ اور ہم آہنگی کے حوالے سے اپنا کلام پیش کیا۔ ایس ایس پی پونچھ رمیش انگرال نے شرکاء سے مخاطب ہو کر کہا کہ اس طرح کے پروگرام منعقد کرنے سے بھائی چارہ اور ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہوگا اور مستقبل میں بھی ایسے پروگراموں کا اہتمام ہوگا۔جن شعرائے کرام نے محفل مشاعرہ میں شرکت کی ان میں کے ڈی مینی، شیخ سجادپونچھی، انور خان، نذیر شاکر،ہارون راٹھور، جہانگیر اصغر، سلیم تابش، مجاہد مغل، فتح محمد عباسی، عشرت بٹ شامل ہیں۔محفل مشاعرہ میں اضافی ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ بشارت انقلابی،اے ایس پی امین چوہدری، اے سی آر کیفی کے علاوہ دیگر پولیس اور سیول انتظامیہ کے افسران اور معزز شہری موجود رہے۔ نظامت کے فرائض پردیپ کھنہ نے انجام دیئے۔ پروگرام کے اختتام پرتمام شعراِئے کرام کی عزت افزائی کی گئی۔