نورباغ بارہمولہ آتشزدگان سرنو مکانوں کی تعمیر کرنے کے اہل نہیں: محبوبہ | معاشی طور مستحکم لوگ مدد کیلئے سامنے آئیں
فیاض بخاری
بارہمولہ//پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے نورباغ بارہمولہ جاکر بھیانک آتشزدگی سے متاثرہ افراد سے ملاقات کی اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سرنو مکانوں کی تعمیر کیلئے دل کھول کر عطیہ دیں۔ محبوبہ مفتی نے کہاکہ نورباغ آتشزدگان اللہ کے رحم و کرم پر چھوڑا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ متاثرین کیلئے فوری طور پر معاوضہ کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ پی ڈی پی صدرنے کہاکہ نورباغ سوسائٹی اوررضاکار نوجوان متاثرین کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے جو مدد کررہے ہیں وہ قابل تعریف ہے۔محبوبہ مفتی کے مطابق انہوںنے ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ سے بات کی کہ علاقہ میں گنجان آبادی کو کم کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر ایک مکان میں4کنبے رہائش پذیر ہیں تو 2کنبوں کو یہاں سے نکال کر الگ اراضی فراہم کی جائے اوراگر ایسا نہیں کیاگیا تو مستقبل میں خدانخواستہ ایسے سانحات دوبارہ پیش آسکتے ہیں۔ محبوبہ مفتی نے کہاکہ آتشزدگان اس حالت میں نہیں ہیں کہ وہ خود مکانوں کی سرنو تعمیر کرسکیں کیونکہ انہوںنے بینکوں سے قرضے لئے ہیں اور تنخواہوں کا بیشتر حصہ قرضہ اتارنے میں لگ جاتا ہے۔ انہوںنے کہا’ ’میں معاشی طور مستحکم کشمیر ی عوام سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ متاثرین کی مدد کیلئے آگے آئیں۔مشمولات کے این ایس
اے ڈی جی پی جموں سے لیفٹیننٹ گورنرکی تعزیت پرسی | مہلوک کونسلر راکیش پنڈتا کے گھر گئے ،اہل خانہ سے اظہار ہمدری،40لاکھ روپے کی امداد منظور
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اے ڈی جی پی جموں مُکیش سنگھ کے گھر جا کر اُن کے والد اوپندر پرساد سنگھ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور اُن کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار نے سوگوار کنبے، قریبی رشتہ داروں اور دوستوں سے تعزیت کر کے مرحوم کی روح کے اَبدی سکون کیلئے پرارتھنا کی ۔ ادھرلیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے 2 جون کو پلوامہ کے علاقے ترال میںبندوق برداروںکے ہاتھوں ہلاک ہونے والے میونسپل کونسلر راکیش پنڈتا کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور سوگوار کنبہ کے افراد سے اظہار یکجہتی کیا۔میونسپل کمیٹی ترال کے متوفی صدر کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پوری انتظامیہ مرحوم راکیش پنڈتا کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے غمزدہ افراد کے لواحقین کو مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کرواتے ہوئے بتایا کہ اس کی اعلی سطح پر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تشدد کے اس گھناؤنے اقدام میں ملوثین کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے مرحوم پنڈتا کے لواحقین کے لئے 40 لاکھ روپے امداد کی منظوری دی۔ لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سکریٹری نتیشور کمار ، ڈویژنل کمشنر جموںڈاکٹر راگھو لنگرمڈپٹی کمشنر جموں انشول گرگ بھی لیفٹیننٹ گورنر کے ہمراہ تھے۔
بچوں کو کووِڈ کی ممکنہ تیسری لہر سے بچانے کیلئے اقدام کئے جائیں | پلوامہ میں جسٹس ماگرے نے ودھک سیوا کیندر کاافتتاح کیا
پلوامہ//عدالت عالیہ کے جج،جسٹس علی محمد ماگرے نے کووِڈ- 19کی ممکنہ تیسری لہرسے بچوں کومحفوظ رکھنے کیلئے جاری رہنماخطوط اور ایس او پیز پر سختی عمل کرنے پرزوردیا ہے۔جسٹس ماگرے جو سٹیٹ لیگل سروسزاتھارٹی کے ایگزیکیٹوچیئرمین بھی ہیں ،نے ان باتوں کااظہارپلوامہ میں ضلع لیگل سروسزاتھارٹی کی طرف سے منعقدہ ایک جانکاری پروگرام کے دوران کیا۔جسٹس ماگرے نے کہا کہ موجودہ حالات میں عام لوگوں خاص طور سے کووِڈ سے متاثرہ بچوں کو رہبری اور مشوروں اورنفسیاتی امدادکی ضرورت ہے تاکہ وہ تنائو اور پریشانی کا وباء کے اس دور میں مقابلہ کرسکیں ۔انہوں نے کہا کہ آئینی ذمہ داری کے ناطے ،تمام متعلقین کو عالمگیر وباء کااکٹھے مقابلہ کرنے کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے تمام شرکاء اوراداروںکوصلاح دی کہ وہ ایسانظام ترتیب دیں تاکہ بچوں کو کورونا کی ممکنہ تیسرے لہر سے بچایا جائے اورا یسے طریقے وضع کریں جن سے انہیں مناسب رہبری کی جائے۔ جسٹس ماگرے نے ماہرین اور منتظمین کی طرف سے ممکنہ طورآنے والی کوروناکی تیسری لہر کاتوڑ کرنے کیلئے احتیاطی اقدامات کرنے پرزوردیا۔اس موقعہ پرڈپٹی کمشنرپلوامہ نے کووِڈ کی تفصیلی رپورٹ پیش کی اوران اقدامات کا بھی خلاصہ کیاجو کورونا سے بچنے کیلئے اختیار کئے گئے ہیں ۔اس سے قبل جسٹس ماگرے نے ضلع میں ودھک سیواکیندر کاافتتاح کیا۔
اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل کرائے:اسلام آباد | پاکستان امن بگاڑنے میںمصروف:نئی دہلی
سرینگر//پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر کے دیرینہ تنازعے کے حل کیلئے اپنی قراردادوں پر عملد ر آمد کرائے۔ادھر بھارتی مندوب نے کہا کہ بھارت پاکستان سمیت تمام ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات کا حامی ہے تاہم پاکستان امن بگاڑنے میںمصروف ہے ۔ سی این آئی کے مطابق نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی پندرہ رکنی کونسل کی سالانہ رپورٹ پر بحث کے دوران اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیراکرام نے ممبران کو جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسلسل کشیدگی عالمی امن و سلامتی کیلئے بد ستور شدید خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں مظالم اور آبادی کا تناسب تبدیل کر نے کی پالیسی جاری رکھے ہوئے ہے جس کا مقصد کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت سے محروم رکھنا ہے۔ انہوںنے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر کے دیرینہ تنازعے کے حل کیلئے اپنی قراردادوں پر عملد ر آمد کرائے۔ادھر اجلاس میں شامل بھارتی مندوب آر مد و سو دن نے کہا کہ بھارت پاکستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات کا حامی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت نے پاکستان سمیت تمام ممالک پر زور دیا ہے کہ رشتوںکو استوار بنانے کیلئے رول ادا کریں تاہم پاکستان جموں کشمیر کی یونین ٹریٹری میں عسکریت کو بڑھائو دینے کے علاوہ وہاں امن بگاڑنے میںمصروف ہے اور ان حالات میںپاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کیسے ہو سکتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان تشدد کا راستہ چھوڑ کر مذاکرات کے میز پر آئیں تو بھارت پر معاملے پر بات کرنے کیلئے تیار ہے ۔
سوپورحملے پر تمام بڑی سیاسی جماعتوں کااظہار برہمی | قابل مذمت:عمرعبداللہ،باعث بدنامی:محبوبہ مفتی،بزدلانہ کارروائی:غلام احمدمیر ،
دل دہلانے والا:الطاف بخاری،افسوسناک :حکیم یاسین،جنون کب ختم ہوگا:سجادلون، جنگجوئوں کی مایوسی کامظہر:ٹھاکر،قابل مذمت: لائیگرو،ناقابل قبول؛انجینئریتو
سرینگر//آرم پورہ سوپورمیں سنیچروار کوجنگجوئوں کے حملے میں تین شہریوں اور دوپولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی جموں کشمیر کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے مذمت کرتے ہوئے اِسے بزدلانہ، خوفناک اور دل دہلانے والاقرار دیا ہے اور کہا ہے کہ بندوق مسئلہ کشمیرکو حل نہیں کرسکتا ہے۔نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سوپور حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انسانی جانوں کے زیاں پر رنجیدہ ہیں۔ سنیچر کو ٹویٹ کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا،’ ’سوپور سے ایک دہشت ناک خبر آئی ہے جس میں3شہری اور 2پولیس اہلکارمارے گئے ہیں‘‘۔ انہوںنے کہاکہ ایسے واقعات بغیر کسی لگی پٹی کے قابل مذمت ہیں۔ انہوںنے کہا،’ ’میںزخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں اور مہلوکین کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہوں۔ جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلی اور پیپلزڈیموکریٹک پارٹی صدر محبوبہ مفتی نے ہفتے کے روز سوپور جنگجویانہ حملے میں ہونے والی ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بندوق مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کرسکتی۔ محبوبہ مفتی نے بارہمولہ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے دونوں طرف سے بندوق کے استعمال کی مذمت کی۔انہوںنے کہاکہ وہ دہلی کی بندوق ہو یا کشمیر کے نوجوان کے ہاتھوں میں بندوق، جس نے اسلحہ اٹھایا ہے ، تو یہ اس مسئلے کو حل کرنے میں ہماری مدد نہیں کرسکتا۔ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کاکہناتھاکہ اس طرح کے واقعات ہمارے کشمیر کو بدنام کرتے ہیں اورکچھ لوگوں کو عام کشمیریوں کے خلاف زیادہ سے زیادہ طاقت استعمال کرنے کی وجہ فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ عدم تشدد اور بات چیت ہر مسئلے کا حل ہے ۔جموں کشمیرپردیش کانگریس نے سوپورحملے کی مذمت کرتے ہوئے اِسے بزدلانہ کارروائی سے تعبیر کیا۔پردیش کانگریس صدر غلام احمد میر،سینئررہنمااورسابق وزیرتاج محی الدین،نائب صدرعبدالرشیدڈارنے اس حملے کی پرزورالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اِسے حالات سے نمٹنے میں حکومت کی ناکامی قرار دیا۔پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین حکیم یاسین نے آرمپورہ سوپور میں گولیوں کے تبادلے میں قیمتی انسانی جانوں کے زیاں پر سخت دکھ اور صدمے کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دلخراش واقعے میں دو عام شہریوں، دو پولیس اہلکاروں اور دیگر متعدد افراد کے زخمی ہونے سے کشمیر کی تاریخ میں ایک اور سیاہ باب کا اضافہ ہوا ۔حکیم یاسین نے میں مارے گئے شہریوں اور پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ایصال ثواب کی دعا کی۔ کمیونسٹ پارٹی آف امڈیا مارکسسٹ رہنمایوسف تاریگامی نے بھی سوپورحملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تشددکسی بھی طرح کا ہو،جموں کشمیر کے عوام کے مفاد میں نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کب یہ خون خرابہ بند ہوگا۔تاریگامی نے کہاکہ تشدداورہلاکتیں کبھی مسئلہ کا حل نہیں ہوسکتی ہیں۔ایک بیان میں اپنی پارٹی کے صدرالطاف بخاری نے سوپور جنگجوئیانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ قیمتی انسانی جانوں کے اتلاف کاسلسلہ بندہوناچاہئے ۔انہوں نے کہاکہ یہ حملہ خوفناک اوردل دہلانے والا ہے ،کیونکہ اس میں کئی قیمتی جانیں تلف ہوئی ہیں۔ الطاف بخاری نے مزیدکہاکہ تشددکبھی کسی مسئلے کاحل نہیں رہاہے بلکہ اس کے نتیجے میں معاشرے میں قیام امن اورترقی میں رکائوٹ پیداہوئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ انتہاپسند قوتیں کشمیریوں کی تکالیف میں اضافہ کررہی ہیں ۔الطاف بخاری کاساتھ ہی کہناتھاکہ سیاسی ،نظریاتی اورمذہبی محرکات سے قطع نظر تشددکسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہے۔پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجادغنی لون نے سوپور جنگجوئیانہ حملے کے دوران انسانی جانوںکے زیاں پرسخت دکھ کااظہار کیا۔پیپلز کانفرنس کے چیئرمین نے سلسلہ وار ٹویٹس میں کہا کہ بندوق لوگوں کو غلام بناتی ہے۔ انہوںنے لکھا،’’یہ جنون کب ختم ہوگا؟ ‘بندوق 1989 میں کشمیر آئی تھی ،اب 32سال ہوگئے، میں غیر واضح طور پر یہ کہہ سکتا ہوں کہ بندوق بہت سے لوگوں کو غلام بناتی ہے۔انہوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا،’’ بندوق برداروں کو واقعتا غور کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ کس کی جنگ لڑ رہے ہیں؟‘‘ ۔جموں کشمیرسیمنٹس کے سابق نائب چیئرمین اور سیاسی رہنما انجینئرنظیریتو نے سوپور میں جنگجوئوں کے حملے میں پانچ افراد کے مارے جانے پراپنے ردعمل میں کہاکہ ہماری عادت بن گئی ہے کہ ہم ایسے حملوں کی مذمت کرتے ہیں لیکن اس خون خرابے کو بند کرانے کیلئے کوئی بھی یہاں اس کیلئے کوئی کام نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے لوگوں اور نئی دہلی کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے۔اس دوران بی جے پی کی جموں وکشمیرشاخ کے ترجمان الطاف ٹھاکرنے بھی سوپورمیں قیمتی جانوں کے زیاں پرسخت صدمے کااظہارکیا۔انہوں نے سوپور حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ جنگجوئوںکی مایوسی کامظہر ہے ۔الطاف ٹھاکر نے اس حملے میں ازجان ہوئے سیکورٹی اہلکاروں اورعام شہریوں کے لواحقین کیساتھ تعزیت اوریکجہتی کااظہارکیا ۔ پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کے یوتھ سیکریٹری عارف لائیگرو نے سوپور حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امن کو ایک موقعہ دیا جانا چاہیے۔انہوں نے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کا اظہارکیا۔ (مشمولات کے این ایس)
کولگام میں محکمہ بجلی کاڈیلی ویجرکرنٹ لگنے سے جھلس گیا
کولگام//چولگام کولگام میں محکمہ بجلی کا ایک ڈیلی ویجربرقی کرنٹ لگنے سے شدیدجھلس گیا۔کے این اوکے مطابق ہنندکے سرتاج احمد شیخ ولدغلام محمد شیخ ،اُس وقت شدید طور جھلس گئے جب انہوں نے اچانک بجلی کی تار کو چھوا۔اُسے فوری طور میڈیکل کالج اننت ناگ پہنچایا گیا ،جہاں ڈاکٹروں نے اُسے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد سرینگر منتقل کیا۔
اچھ بل میںٹریکٹر کی ٹکر سے معمر خاتون فوت | خانصاحب کا نوجوان کرنٹ لگنے سے ہلاک
عارف بلوچ+ارشاد احمد
اننت ناگ+بڈگام //اچھ بل میں خاتون سڑک حادثہ میں جاں بحق ہوگئی ۔ادھر محکمہ بجلی کی مبینہ لاپراہی سے رائیار خانصاحب بڈگام میں 22سالہ نوجوان کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوا۔تیلی ونی اچھ بل کے نزدیک معمر خاتون ستارہ بیگم زوجہ ثنااللہ بٹ ساکنہ کواری گام رانی پورہ سڑک کے کنارے چل رہی تھی جس دوران ایک تیز رفتار ٹریکٹر نے خاتون کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئی۔ ا ُسے فوری طور اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔پولیس نے ڈرائیور امجد خان کو گرفتار کرکے معاملہ کی نسبت کیس درج کیا ہے۔ادھر محکمہ بجلی کی مبینہ لاپراہی سے رائیارخانصاحب بڈگام میں 22سالہ نوجوان کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوا۔معلوم ہوا ہے کہ رائیار کے تین افراد دھان کی پنیری کھیتوں میں لگانے کیلئے جارہے تھے کہ اس دوران محکمہ بجلی کی مبینہ غفلت شعاری کی وجہ سے زمین سے کم فاصلے ہر لٹکائی گئی ایک ہائی ٹینشن تار کے رابطے میں یہ تینوں افرادآگئے۔تینوں کو بجلی کے زبردست جھٹکے لگے اورزخمی ہوگئے۔انہیں فوری طور نزدیکی طبی مرکز لیجایاگیا جہاں ڈاکٹروں نے 22برس کے شیرازاحمدحجام ولدجہانگیراحمد ساکن رائیار کو مردہ قرار دیا جبکہ دیگر دوافرادغلام نبی اور منظور احمد کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق قانونی لوازمات پورا کرنے کے بعد شیرازاحمد کی لاش لواحقین کو سونپی گئی۔
ناظم باغبانی کا دورئہ جنوبی کشمیر | غیرمعیاری ادویات فروخت کرنے والوں کوانتباہ
سرینگر//ڈائریکٹر ہاٹی کلچر نے جنوبی کشمیر کے کئی علاقوں کا دورہ کیا جس دوران انہوںنے افسران کو ہدایت دی کہ وہ باغ مالکان کے ساتھ قریبی تال میل بنائے رکھیں۔ ڈائریکٹر کے مطابق غیر معیاری اور زائد المیعاد جراثیم کش ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈائریکٹر ہاٹی کلچر اعجاز احمد نے جنوبی کشمیر کے کئی علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں میوہ باغوں میں ہو رہے کام کاج کا جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر موصوف کے ہمراہ سینئر آفیسران بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر نے اس موقع پر آفیسران کو ہدایت دی کہ باغ مالکان کو مختلف اسکیموں کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کی خاطر بیداری مہم چلائی جائے۔ انہوںنے کہاکہ جہاں تک ژالہ بھاری سے ہوئے نقصان کا معاملہ ہے تو دورے کے دوران کسی بھی جگہ سے بڑے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ جہاں تک جراثیم کش ادویات کا تعلق ہے تو اس حوالے سے محکمہ نے پہلے ہی ایڈوائزری جاری کی ہے کہ جو کوئی بھی غیر معیاری ادویات فروخت کرنے میں ملوث ہوگا اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
کووِڈ19-سے متعلق آگہی،سرینگرمیں ڈیجیٹل ڈسپلے پر شروع
سرینگر//عوام کو کووِڈ- 19 اور اس سے متعلق دیگر صحت مسائل سے باخبر کرنے کیلئے ڈویژنل کووِڈ کنٹرول روم کشمیرنے سرینگر میں ڈجٹل ڈسپلے پر بیداری مہم شروع کی۔ان معلومات میں کووِڈ ٹیکہ کاری،45برس سے کم اور اس سے زیارہ عمر کے لوگوں کی صدفیصد ٹیکہ کاری کاحصول،ٹیکہ کاری سے متعلق جعلی خبروںکامقابلہ ،ٹیکہ کاری میں ہچکچاہٹ کو دور کرنے،عام آبادی کی ٹیلی مشاورت اور کووِڈ سے متعلق مسائل کوحل کرنے کیلئے چوبیسوں گھنٹے دستیاب ہیلپ لائن شامل ہیں۔ ڈجٹل معلومات کے ذریعے ’’تسکین‘‘ پروگرام سے متعلق جانکاری بھی دی جاتی ہے جسے صوبائی کمشنر کے ہاتھوں شروع کیاگیاتاکہ کووِڈ کے باعث پیدا ہوئے ذہنی مسائل سے لوگوں کو آگاہ کیا جائے۔
رہنما خطوط پرعمل وقت کا تقاضا:ضلع ترقیاتی کمشنر
شوپیان//ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان سچن کمار واشیا نے یہاں ڈی سی آفس ارہامہ شوپیان میں میڈیا افراد کو تفصیلات دیتے ہوئے ضلع کے لوگوںکو کووِڈ مناسب طریقہ کار پر عمل کرنے اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے اور حکومت کی طرف جاری کردہ رہنما اَصولوں پرعمل کرنے کی اپیل کی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ صحتیابی کی شرح میں اضافہ ہوا ہے جبکہ ضلع میں مثبت معاملات کی شرح 4سے 6 فیصد ہوگئی ہے ۔اُنہوں نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ مثبت معاملات کی تعداد 371 ہے جبکہ صحتیاب مریضوں کی تعداد میںکافی حد تک اِضافہ ہورہا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ضلع میں کووِڈ۔19 بیماری کے آغاز کے بعد سے اَب تک 58 کووِڈ اَفرادکی موت واقع ہوئی ہے ۔
سکمز میں نرسوں کا عالمی دن منایا گیا | کووِڈ- 19کو قابو کرنے میں نرسوں کا اہم رول:ڈائریکٹر
پرویز احمد
سرینگر //شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں سنہچر کو نرسوں کے عالمی دن کے موقع پر کورونا وائرس سے نپٹنے میں نرسوں کے رول کی سراہنا کی گئی ۔نرسوں کا عالمی دن 12مئی کو ہر سال منایا جاتا ہے لیکن کورونا وائرس کی دوسری لہر کی وجہ سے سکمز میں یہ دن ایک ماہ تاخیر سے منایا گیا ۔ تقریب میں ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر اے جی آہنگر نے بطور مہمان خصوسی شرکت کی جبکہ سکمز کے جوائنٹ ڈائریکٹر ریاض احمد وانی،ڈین فیکلٹی ڈاکٹر عمر جاوید شاہ اور میڈیکل سپر انٹنڈنٹ فاروق احمد جان نے بھی شرکت کی ۔ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر سکمز اے جی آہنگر نے کہا کہ سکمز میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کو کامیابی سے قابو کرنے میں یہاں کام کرنے والے ہر ڈاکٹر ، نرس اور دیگر نیم طبی عملہ اور فرنٹ لائن ورکروں نے اہم رول ادا کیا ہے۔ ڈائریکٹر سکمز نے کہا سال 2020میں جب سکمز میں پہلے کورونا وائرس مریض کی تصدیق ہوئی تو اسپتال سے سبھی فرار ہوئے لیکن نرسنگ عملہ نے انتظامیہ کے ساتھ ملکر ایسے وقت میں مریضوں کو علاج و معالجہ فراہم کرنے کی ذمہ داری اٹھائی جب ہمیں عالمی وباء کے بارے میں کچھ بھی معلوم نہیں تھا ۔ انہوں نے کہا کہ نرسنگ عملہ کی مدد سے ہی سکمز انتظامیہ کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کو روکنے میں کامیاب رہاور پورے کشمیر کے ٹرشیری کیئر اسپتالوں میں سکمز میں سب سے کم اموات ہوئیں۔ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر سکمز ریاض احمد وانی اور میڈیکل سپر انٹنڈنٹ فاروق احمد جان نے نرسوں کے رول کی سراہنا کی ۔ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ فاروق احمد جان نے بتایا کہ افرادی قوت کم ہونے کے باوجود بھی مریضوں کو بہترین علاج فراہم کیا گیا جس کیلئے سکمز کا نرسنگ عملہ مبارک بادی کا حقدار ہے۔ انہوں نے کہا کہ افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے کیلئے نرسوں کی خالی پڑی 70سامیوں کو پر کرلیا گیا ہے جبکہ عارضی بنیادوں پر مزید 70نرسوں کی تعینات جلد عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر انچارج نرسنگ سپر انٹنڈنٹ حسینہ صوفی نے بھی مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور سپورٹ کیلئے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔
ڈپٹی کمشنراننت ناگ نے ٹیکہ کاری مہم کا جائزہ لیا
اننت ناگ//ٹیکہ کاری کووِڈ سے بچائو کا واحدہتھیار ہے۔اس بات کااظہار ڈپٹی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش شنگلا نے حاکموں کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنراں،ایس ڈی ایمز،ڈی پی او،اے سی آر،سی ایم او،وغیرہ نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران ڈپٹی کمشنرنے ضلع میں ٹیکہ کاری پروگرام کاجائزہ لیااوراس میں سرعت لانے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔اس دوران ڈاکٹر شنگلا نے ضلع میں صدفیصدٹیکہ کاری کوہدف پورا کرنے کیلئے تمام کوششوں میں تیزی لانے کی تلقین کی ۔صحت عامہ شعبے کی کارکردگی پر اطمینان کااظہارکرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرنے حکام سے کہا کہ وہ مزیدتندہی اور لگن کے ساتھ کام کریں ۔
کپوارہ میں کئے گئے اقدامات کا جائزہ
کپوارہ//ڈپٹی کمشنر کپوارہ نے سنیچروار کو ایک میٹنگ میں ضلع میں کورونا کو قابو کرنے کیلئے کئے گئے اقدامات جا ئزہ لیا۔ اس موقعہ پرڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صحت محکمہ کی حصولیابیاں پورے ضلع کی حصولیابیاں ہیں اس لئے تمام محکموں کو ضلع میں کووِڈ بحران کو دور کرنے کیلئے لازمی تعاون دینا چاہیے۔انہوں نے ضلع میں کورونا ٹیکہ کاری میں تیزی لانے پر بھی زوردیااور اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی کہ ضلع میں صدفیصد کورونا ٹیکہ کاری کا ہدف حاصل کیا جائے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ کورونا نمونے جمع کرنے اور ٹیکہ کاری مہم کی نگرانی کریں ۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ضلع میں کووِڈ کے13132رجسٹرڈ معاملات ہیں جن میں سے12027صحت یاب ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں کورونا سے شفایاب ہونے والوں کی شرح 91.58فیصد ہے۔ضلع میں اس ہفتے مثبت معاملوں کی شرح5.33فیصدرہی۔
تقریب کے دوران معطل نرسوں کی بحالی کا مطالبہ
پرویز احمد
سرینگر //شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں ایک ماہ کی تاخیر کے ساتھ سنیچر کو منعقد کی گئی تقریب کے دوران اسوقت کھلبلی مچ گیا جب وہاں ایک سینئر نرس نے ’’ انصاف دو انصاف دو ‘‘ کے نعرے بلند کئے۔ سینئر نرس، اسپتال میں نرسوں کی ترقی، آپریشن تھیڑ میں نرسوں کی کمی اور تھری ٹائر سسٹم کے خلاف آواز اٹھانے پر معطل کی گئی 2نرسوں کی بحالی کا مطالبہ کررہی تھی۔ سکمز کی سینئر نرس شمیمہ غمگین نے تقریب کے دوران سٹیچ پر کھڑے ہوکر معطل شدہ نرسوں کی بحالی، نرسوں کی ترقی اور آپریشن تھیٹر میں نرسوں کی کمی کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا ۔سینئر نرس کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں دل و جان سے مریضوں کی خدمت کرنے والی نرسوں نے پریس کالونی میں تھری ٹیر سسٹم کے خلاف احتجاج کرکے غلطی کی ہے تو انہیں کافی عرصہ تک معطل رکھ کر سزا دی گئی ہے اور اب انہیں بحال کیا جانا چاہئے۔ تاہم ڈائریکٹر سکمز صورہ ڈاکٹر اے جی آہنگر نے کہا کہ نرسوں کی ہڑتال اور احتجاج کے دوران ایک مریض کی جان گئی ہے اور اس مریض کو بھی انصاف ملنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تھری ٹیر کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو پہلے مریضوں کا ہی سوچنا چاہئے تھا ۔ انہوں نے کہا سینئر نرس کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے ساتھیوں کیلئے انصاف کی مانگ کرنے سے پہلے مریضوں کے ساتھ انصاف کی بھی بات کریں۔
اقتدار ملاتو دفعہ370کی بحالی پرغور کرینگے:دگ وجے سنگھ
کانگریس رہنما کے بیان پر مرکزی وزراء سیخ پا
سری نگر//کانگریس رہنما دگ وجے سنگھ نے کہا ہے کہ اگر کانگریس دوبارہ اقتدار میں آئی تو وہ کشمیر میں دفعہ 370 کی بحالی پر غور کریں گے۔کے این ایس کے مطابق دگ وجے سنگھ کا ایک بیان سوشل میڈیا ایپ کلب ہاؤس کے ایک مبینہ ویڈیو لیک میں سامنے آیا ہے،جس میں وہ کہتے ہیں کہ اگر کانگریس دوبارہ اقتدار میں آئی تو وہ کشمیر میں دفعہ370 کی بحالی پر غور کریں گے۔دفعہ 370کی بحالی سے متعلق دگ وجے سنگھ کے بیان پرسخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیراعظم دفترمیں تعینات مرکزی وزیرڈاکٹر جتندرسنگھ نے پلٹ وار کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس نے ہی کشمیرمیں علیحدگی پسندی کے بیچ بوئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ایسی باتوں سے کانگریس اوراسکے لیڈروں کی ذہنیت کی عکاسی ہوتی ہے۔ڈاکٹر جتندرسنگھ نے مزیدکہاکہ پرانی سیاسی جماعت کانگریس کے ایسے بیانات سے ہی کشمیرسے متعلق پاکستان کے عزائم کوتقویت ملتی ہے۔اُدھر مرکزی وزیرہردیپ سنگھ پوری نے بھی دگ وجے سنگھ کے بیان پرردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہاکہ کانگریس کاموقف سرحدپار(پاکستان)سے ملتا جلتا ہے ۔انہوںنے کہاکہ دفعہ 370کی منسوخی سے قبل کشمیرمیں جمہوریت صرف حکمران طبقے کے ہاتھوں میں تھی ۔مرکزی وزیر کامزیدکہناتھاکہ کشمیر میں تشددکے واقعات کوہوا دینے والوں نے اپنے بچوں کوبیرون ممالک بھیجا اورکشمیرکے عام آدمی کے بچوں کے ہاتھوں میںپتھر تھما دئیے ۔
کووِڈ رہنمااصولوں کی خلاف ورزی
گاندربل میں140000روپے جرمانہ وصول
گاندربل//ارشاداحمد//گاندربل پولیس نے کووِڈ رہنماخطوط کی پاسداری نہ کرنے پر 332معاملات درج کرکے40000 1روپے جرمانہ وصول کیاگیا۔پولیس تھانہ صدر گاندربل کے ایس ایچ او سلفی ارشدکی سربراہی میں پولیس پارٹی نے ہاٹ سپاٹ ریستوران کے مالک کو کووِڈ- 19 کو پھیلنے سے روکنے کے لئے حفاظتی رہنما خطوط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکر ریستوران کو سربمہر کیاگیا۔
لاک ڈائون کے باوجود سیاحتی مقامات پر لوگوں کی بھیڑ
سرینگر// کووِڈ – 19لاک ڈاون کے بیچ شہر سرینگر سے باہر سیاحتی مقامات پر لوگوں کا بھاری رش دکھائی دے رہا ہے جہاں پر نہ تو ایس او پیز پر عمل ہورہا ہے اور ناہی ان سیاحتی مقامات پر لوگوں کے آنے پر کوئی پابندی دکھائی دے رہی ہے جس کی وجہ سے کووِڈ – 19کے پھیلائو میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے ۔سی این آئی کے مطابق ہفتے کے تین دن یعنی جمعہ ، سنیچر وار اور اتوار کو اگرچہ کووِڈ 19کے پیش نظر شہری علاقوں میں لاک ڈائون اور بندشیں ہیں لیکن شہر سرینگر سے باہر سیاحتی مقامات پر لوگوں کے آنے جانے پر کوئی پابندی نہیں ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ لاک ڈائون کے چلتے لوگ گرمی سے بچنے کیلئے سیاحتی مقامات کی طرف دوڑتے بھاگتے نظر آرہے ہیں ۔ خاص کر سنیچر وار کو مختلف دور دراز کے سیاحتی مقامات پر لوگوں کا کافی رش دکھائی دیا جہاں پر موجود لوگوں کی جانب سے نہ تو کووِڈ – 19 ایس او پیز پر عمل درآمد ہورہا ہے اور ناہی ان کو روکنے کیلئے کوئی اقدامات کئے گئے تھے ۔ سیاحتی مقام گلمرگ، پہلگام، کوکرناگ، اہربل، اچھہ بل ، سونہ مرگ، یوس مرگ ، جیسے سیاحتی مقامات پر سنیچر کو لوگوں کابھاری رش دکھائی دیا۔ ان مقامات کی سیرپر آئے لوگوں نے تو ماسک کااستعمال دیکھنے میں آیا اور ناہی سماجی دوری کا خیال رکھا جارہا تھا۔ ستم ظریفی یہ کہ ان جگہوں پر تعینات قانون نافذ کرنے والے اہلکار بھی خاموش تماشائی بنے بیٹھے تھے ۔ ایک طرف شہری علاقوں میں کووِڈ – 19کے حوالے سے بندشیں سخت کردی گئی ہیںاور دکانیں اور کاروباری ادارے مقفل ہیں جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند ہے اور دوسری طرف سیاحتی مقامات پر لوگوں کا رش کسی المیہ سے کم نہیں ہے کیوں کہ اسی طرح وائرس کے زیادہ سے زیادہ پھیلنے کا امکان ہے ۔
بچہ مزدوری کا خاتمہ ہمارا ایجنڈا:مشن دائریکٹر
سرینگر//جموں کشمیر چائلڈ پروٹیکشن سروسز نے بچہ مزدوری کے خلاف عالمی دن پر ’بچہ مزدوری کے خلاف ابھی سے متحرک ہوجائیں‘ کے عنوان سے منایا۔مشن ڈائریکٹر ، چائلڈ پروٹیکشن سروسز جے کشمیر ، شبنم کاملی نے کہا کہ چائلڈ مزدوری کا خاتمہ ہمارا بنیادی ایجنڈا ہے کیونکہ یہ نہ صرف ایک قانونی جرم ہے بلکہ ایک مہذب معاشرے میں ناقابل قبول ہے۔انہوں نے کہا کہ انٹی گریٹڈ چائلڈ پروٹیکشن سروسز نے جموں و کشمیر کے ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن یونٹ قائم کیے ہیں اور چائلڈ ویلفیئر کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ نے جنوری 2020 اور مئی 2021 کے دوران 17 ماہ کے عرصے میں 30 بچوں کو بچوں کی اسمگلنگ سے بچایا تھا اور 215 بچوں کو بچوں کی مشقت میں مصروف رکھا تھا ، ان میں سے 50 کا تعلق جموں و کشمیر سے نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے بچوں کو خصوصی مشاورت اور طبی امداد مہیا کرتی ہے اور انہوں نے رہائش کی سہولیات بھی قائم کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اطلاعات کے مطابق ، روپے کی رقم 5.42 لاکھ اور روپے جموں و کشمیر میں بالترتیب بچوں کی ملازمت کرنے والے لوگوں سے بطور جرمانہ 4.80 لاکھ وصول کیے گئے ہیں۔مشن کے ڈائریکٹر نے کہا کہ چائلڈ لیبر انڈیا فاؤنڈیشن (سی آئی ایف) کے ذریعہ مصیبت میں گھروں کی مدد کے لئے قائم کردہ ہیلپ لائن نمبر پر چائلڈ لیبر کے واقعات کی اطلاع گمنام طور پر دی جاسکتی ہے۔
جسٹس سندھو شرما کا بڈگام دورہ| ضلعی عدالت کے کام کاج اور انتظامی امور کا جائزہ لیا
بڈگام// جموں کشمیر ہائی کورٹ جج(انتظامی جج بڈگام)جسٹس سندھو شرمانے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس بڈگام کا معائنہ کیا۔انہوں نے دورے کے دوران ضلع میںعدالتوں کے کام کا جائزہ لیا۔ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس بڈگام پہنچنے پر جسٹس سندھو کا جموں وکشمیر پولیس کے دستہ سے گارڈ آف آنر کے ساتھ استقبال کیا گیا۔اس موقع پر جسٹس سندھو نے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس بڈگام کا معائنہ کیا ، جہاں انہوں نے عدلیہ ، پولیس اور مقامی انتظامیہ کے عہدیداروں سے ایک وسیع ملاقات کی۔جسٹس شرما کو عدالتوں کے انتظامی کام کے بارے میں اور ضلعی بڈگام میں پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بڈگام محمد اشرف ملک نے قانونی ڈحانچہ کے بارے میں بھی بتایا ۔انہوں نے ورچوئل موڈ کے ذریعہ چلائے جانے والے مقدمات کی کارگردگی اور ججوں کے ذریعہ اس کے حوالے سے اختیار کردہ طریقہ کار کی بھی جانچ کی۔اس اجلاس میں جموں و کشمیر کے جوائنٹ رجسٹرار ہائی کورٹ عبدالباری سمیت کئی جج صاحبان اور افسروں نے شرکت کی۔
ویکسی نیشن کی اہمیت سے لوگوں کو آگاہ کریں | ڈپٹی کمشنر سرینگر کی مذہبی رہنمائوں سے میٹنگ
سرینگر//ضلع سرینگر میں کووڈ۔19 ویکسی نیشن کی مہم کو تیز کرنے کے لئے ڈپٹی کمشنر سرینگر محمد اعجاز اسد نے سنیچر کو اپنے دفتر میں مذہبی رہنماؤں کے ساتھ مشاورتی میٹنگ منعقد کی۔اس موقع پر ائمہ اور خطیبوں سمیت 30 سے زیادہ مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید حنیف بلخی اور خورشید احمد کے علاوہ چیف میڈیکل آفیسر سرینگر بھی موجود تھے۔بات چیت کے دوران ، ڈی سی نے ائمہ اور علماء پر زور دیا کہ وہ اپنے اثر و رسوخ کو استعمال کریں تاکہ لوگوں کو اپنے ، اپنے اہل خانہ اور دیگر شہریوں کی حفاظت کے لئے انسداد کووڈ کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 وبائی مرض کے خلاف لڑائی کی موجودہ صورتحال میں ، یہ ایک اور سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ کوویڈ۔19 کو مناسب طرز عمل اپنا کر اور کویوڈ۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی حق نہیں ہے کہ وہ دوسروں کی جان کو خطرہ میں ڈالے۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ، تمام مذہبی رہنماؤں نے متفقہ طور پر صحت کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ صحت تمام مذاہب میں انتہائی اہمیت رکھتی ہے اور ہمیں اس کی دیکھ بھال کرنی چاہئے اور طبی ماہرین کی بات سننی چاہئے جو زندگی کو بچانے کے لئے پوری کوشش کر رہے ہیں۔ وبائی مرض کی وجہ سے شدید متاثر ہوئے۔انہوں نے اتفاق کیا کہ وہ لوگوں سے اپیل کریں گے کہ وہ افواہوں پر کوئی دھیان نہ دیں اور ویکسین کے بارے میں غیر سائنسی خرافات کو ترک کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم صرف ویکسی نیشن اور کووڈ پروٹوکول پر عمل پیرا ہوکر کوڈ کے خلاف جنگ جیتیں گے۔
پارمپورہ سویبگ سڑک اہمیت کی حامل:ڈاکٹر عابد رشید
اگلے90 دنوںمیں مکمل کرنے کی ہدایت
سرینگر//چیف ایگزیکٹیو آفیسر جے کے ارااور جے ٹی ایف آر پی ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے ورلڈ بینک کی معاونت سے جہلم توی فلڈ ریکوری پروجیکٹ کے منصوبے کے تحت ارا کے اہتمام سے جاری پارمپورہ سویہ بُگ روڈ سب پروجیکٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پارمپورہ سویہ بگ سڑک دو اَضلاع کو جوڑتی ہے جس میں سرینگر اوربڈگام شامل ہیں ۔ اِس سڑک کی تکمیل سے دونوں اضلاع کے مابین سڑک ڈھانچے میں اضافہ ہوگا اور اہم سیاحتی اور مذہبی مقامات کو بھی جوڑا جائے گا۔سی اِی او نے معائنے کے دوران متعلقین کو اس کام کی رفتار میں سرعت لانے اور اگلے90 دِن میں مکمل کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے انجینئرنگ عملے اور ٹھیکیدار کو ہدایت دی کہ کام کو بہترین معیار کے مطابق مکمل کیا جائے۔ اُنہوں نے اَفسران کو مزید ہدایت دی کہ وہ ہفتہ وار بنیاد پر کام کے معیار اور پیش رفت پر باقاعدگی سے نگرانی کریں۔سی اِی او نے ٹھیکدار وںکو اَفرادی قوت اور مشینر ی کو بڑھانے کی ہدایت دی تاکہ پروجیکٹ کو مقررہ وقت پر مکمل کیاجاسکے۔ اُنہوں نے کہا کہ ڈیڈ لائن کی پابندی کرنے میں ناکام ہونے پر ٹھیکیداروں پرہرجانہ عائد کیا جائے گا۔ڈائریکٹر اِرا کشمیر ڈاکٹرسیّد عابدرشید شاہ کے ہمراہ ایگزیکٹیو تنویر میر ، پروجیکٹ منیجر عبدالوحید خان ، ڈپٹی پروجیکٹ منیجر عبد المجید لون اوردیگر افسران وٹھیکیداروں کے نمائندے موجود تھے۔بعد میں سی اِی او’ارا ‘نے دورے کے دوران متعدد مقامی نمائندوں سے ملاقات کی جنہوں نے اُنہیں منصوبے سے متعلق مختلف امور سے متعلق جانکاری دی۔مقامی لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کا شکریہ اَدا کیا جنہوںنے علاقے میں ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت دی ۔چاربرس کے وقفے کے بعد امسال ان سب پروجیکٹوں پر عمل درآمد شروع ہوا ہے۔
سرینگر میں 11 قمار بار گرفتار | داوَ پر لگائی گئی رقم ضبط
سرینگر// سرینگر پولیس نے خانیار سرینگر میں ایک ہوٹل میں گیارہ قمار بازوں کو گرفتارکرکے داوَ پر لگائے گئے 62320 روپئے اور تاش کے پتے ضبط کئے ۔ایک مصدقہ اطلاع موصول ہونے پرخانیار تھانہ کی پولیس پارٹی نے خیام میں ہوٹل پر چھاپہ مار کر گیارہ قمار بازوں کو رنگے ہاتھوں گرفتارکیا اور وہاں داوَِ پر لگائی گئی نقدی 62320 اور تاش کے پتے ضبط کئے۔ خانیار تھانہ میں اس سلسلے میں کیس زیر ایف آئی آر نمبر41/2021 درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
فوج کی بچائو کارروائی | مغل روڈ پر41درماندہ مسافروں کو بچا لیا
سرینگر//خراب موسمی صورتحال کے باعث مغل روڈ پر پھنسے 41 درماندہ مسافروں کو فوج نے بچا لیا۔ان رماندہ مسافروں میں دو بچے اور آٹھ خواتین شامل تھیں۔فوجی ترجمان نے ہفتے کوایک بیان میں کہا کہ جمعہ کے روز نامساعد موسمی حالات ،موسلادھار بارشوں اور تیز ہواؤں کی وجہ سے مغل روڈ پرٹریفک کی نقل و حمل کو روک دیا گیا۔اس دوران 41 مسافر درماندہ ہو گئے جن میں2 بچے،8 خواتین، 8 عمر رسیدہ افراد اور 25نو جوان شامل تھے۔ترجمان نے بیان کہ فوج کی ایک ٹیم نے فوری طور پر بچاؤ کارروائی شروع کی اور انہیں محفوظ مقام پر پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ فوج نے مسافروں کے لئے قیام و طعام کا انتظام بھی کیا۔ لوگوں نے فوج کے اس اقدام کی سراہنا کی۔
؎
دلباغ سنگھ کالیفٹیننٹ گورنراور دیگر حکام کا شکریہ
سرینگر//پولیس سر براہ دلباغ سنگھ نے جموں و کشمیر پولیس گیزٹیڈ سروس جنرل ایگزیکیٹو کاڈرکیلئے غیر فعال مالیاتی اسکیم میں ترمیم پر جموں و کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہاکے ساتھ ساتھ ان کے صلاحکار آر آر بٹناگر،چیف سیکریٹری ڈاکٹر اے کے مہتا، ہوم سیکریٹری شالین کابرا اور جموں کشمیر کے دیگر سینئر افسران کا شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ جموں کشمیر کے محکمہ داخلہ نے غیر فعال مالیاتی اسکیم میں ترمیم کا ایک حکم نامہ جاری کیا ہے جس کے مطابقnon functional (Monetary) scheme ایک عارضی اقدام ہوگاجس کا مقصد جموں و کشمیر پولیس گیزٹیڈ سروس جنرل ایکزکیٹو کاڈرکے جمود کو دور کرنا ہے اور یہ اسکیم 30 جون 2023 تک لاگو رہے گی۔
بڈگام میںشہری غیر قانونی لکڑی سمیت گرفتار
سرینگر// بڈگام پولیس نے ایک شہری کو گرفتارکرکے اُس کے قبضے سے غیر قانونی طور کاٹی گئی لکڑی بھی ضبط کی۔ کھاگ تھانہ کے اہلکاروںنے پنچایت گھر سوجن کے قریب دوران شب گھوڑے پر لدی غیر قانونی طور کاٹی گئی لکڑی سمیت ایک شخص کو گرفتار کرلیا اور گھوڑا بھی ضبط کرلیا۔ اس کے قبضے سے تیس مکعب فٹ لکڑی ضبط کی ۔گرفتار شخص کی شناخت نذیر احمد لون ساکن سوجن کے بطور ہوئی ہے۔ کھاگ تھانہ نے اس سلسلے میں کیس زیر ایف آئی آر نمبر45/21درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔
نیشنل کانفرنس خواتین ونگ کا اجلاس | مرکزی حکومت پرعوام کا اعتماد بحال کرنے کا مطالبہ
سرینگر// نیشنل کانفرنس خواتین ونگ کی ریاستی صدر شمیمہ فردوس نے ونگ سے وابستہ ضلع صدور کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ دنوں سے جموں وکشمیر سے متعلق نئی افواہوں نے لوگوں کو تشویش میں مبتلا کیا ہوا ہے اور لوگ ذہنی تنائو کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت بار بار دعویٰ کرتی ہے کہ کشمیر بھارت کا تاج ہے تو اس تاج میں رہنے والے عوام کے جذبات اور احساسات کے ساتھ اس طرح کا کھلواڑ کیوں کیا جارہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ ایک منصوبہ بند منصوبے کے تحت یہاں کے عوام کو کیوں محتاج بنایا جارہا ہے؟یہاں کے لوگوں کی اُمنگوں کو کیوں روندا جارہاہے؟شمیمہ فردوس نے کہا کہ مرکزی حکومت کے غلط فیصلوں سے یہاں کا ہر ایک شعبہ متاثر ہوا ہے اور یہاں کی نوجوان نسل بہت زیادہ مایوسی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے پاس جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کی بحالی کا سنہری موقع ہے ، جس سے یہاں کے عوام کا اعتماد اور بھروسہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ اجلاس سے صوبائی صدر کشمیر انجینئر صبیہ قاری نے بھی خطاب کیا۔
حقانی ٹرسٹ کا ریشی مول کے عرس پر مبارکباد
سرینگر//حقانی میموریل ٹرسٹ نے حضرت بابا حیدر ریشیؒ جو عوام میں ریشی مول کے نام سے مقبول ہیں، کے عرس پر اہل کشمیر کو مبارکباد پیش کی ہے ۔ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی اور جنرل سکریٹری بشیر احمدڈار نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اولیائے کرام نے تبلیغ و اشاعت اسلام کے سلسلے میں جو خدمات انجام دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ٹرسٹ سے وابستہ دیگر ذمہ داروں نے بھی مبارکباد پیش کی ہے۔