غیر قانونی شراب ضبط، 2افراد گرفتار
زاہد ملک
ریاسی //ریاسی پولیس نے شراب کے کاروبار کیخلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے دو الگ الگ واقعات میں 2افرد کو گرفتارکر تے ہوئے معاملہ درج کرلیا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق پولیس پوسٹ جوتی پورم کی طرف سے انجام دی گئی ایک کارروائی کے دوران پولیس نے ایک شخص ،جس کی پہچان موہن لعل کے طور پر ہوئی ہے ،کو شراب کی 49تھیلیوں اور 2بوتلوں کے ساتھ گرفتار کرلیا ۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 202/2018پولیس اسٹیشن ریاسی میں درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔اسی طرح ایک اور کارروائی کے دوران پولیس نے ضلع راجوری سے ریاسی میں شراب اسمگل کر نے کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے منو ہر لعل نامی ایک شخص کو شراب کی 48تھیلیوں کیساتھ گرفتار کر لیا ۔ضلعی پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 58/2018درج کر تے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
سنگالی کوٹ میں پولیس پبلک میٹنگ
زاہد ملک
ریاسی //ضلع ریاسی کی تحصیل چسانہ میں ایس ڈی پی او مہور ذاکر شاہین کی قیادت میں پولیس پبلک میٹنگ کا اہتمام کیا گیا ۔ایس ایس پی ریاسی کی ہدایت پر منعقد کی گئی اس میٹنگ میں سنگالی کوٹ ،ممان کوٹ ،تھل کوٹ اور مالی کوٹ علا قوں سے 200سے زائد افراد نے شرکت کر کے پولیس آفیسران کو ان علا قوں میں عوامی مسائل کے بارے میں آگاہ کیا ۔مقامی لوگوں نے کہا کہ ان علا قوں میں راشن کی قلت ،پینے کا صاف پانی اور بجلی کی خستہ حالی کی وجہ سے عوام کو مسائل کا سامنا کر نا پڑرہاہے لیکن متعلقہ محکموں کی جانب سے اس طرف کو ئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔پولیس آفیسران نے عوامی مسائل سننے کے بعد ان کو یقین دلایا کہ ان کی جائیز مانگوں کو پورا کرنے کیلئے متعلقہ آفیسران کیساتھ بات چیت کی جائے گی ۔پولیس آفیسران نے کہاکہ ضلع میں منشیات ودیگر غیر قانونی کاموں کیخلاف شروع کی گئی مہم میں پولیس کا ساتھ دیا جائے۔
قدیم ورثے کا عالمی ہفتہ منایا گیا
جموں//آثارقدیمہ سروے آف انڈیا کی جانب سے بابور مندر میںقدیم ورثے کا عالمی دن منایا گیا ۔اس موقعہ پر ماہرین تعلیم ،مصنفوں ،فنکاروں اور سیاحوں کے علا وہ طلباء کی ایک بڑی تعداد موجود گی ۔ڈائریکٹر محکمہ سیاحت کی قیادت میں ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران سیاحوں کو موجودہ جگہ کی تاریخی اور ثقافتی پہلوئوں کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ۔تقریب کے دوران تاریخ ودیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے طلباء کو مذکورہ دن منانے اور قدیم ورثہ کی اہمیت کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ۔اس پروگرام میں گور نمنٹ ڈگری کالج ادہم پور ،ہائر سکینڈری سکول منوال کے طلباء اور سٹاف ممبران بھی موجود تھے ۔اس موقعہ پر طلباء اور منتظمین کی طرف سے تمدنی پروگرام کا اہتمام کیا گیا تھا۔
بیروزگاری میں اضافہ کیلئے بھاجپا ذمہ دار: ینگ پینتھر
جموں //نیشنل پیتھرس پارٹی کی طرف سے شروع کی گئی ’یوا سینا ‘مہم کے تحت ینگ پنتھرس کارکنوں کی جانب سے بخشی نگر میں ایک میٹنگ منعقد کی گئی جس میں کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ینگ پنتھرس کے نائب صدر پرتاب سنگھ جموال کی قیادت میں منعقد کی گئی میٹنگ میں اراکین نے بولتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پارلیمانی انتخابات سے قبل ملکی عوام کیساتھ وعدہ کیا تھا کہ وہ اقتدار میں آنے کے بعد بے روز گار نوجوانوں کیلئے 2کروڑ نوکریوں کا اعلان کرینگے ۔لیکن بھاجپا کے اقتدار میں آنے کے بعد ملک میں نوکریوں کی شرح 70فیصدتک گر گئی جو کہ اس سے کم ہے ۔ کارکنوں نے پی ڈی پی اور بھاجپا کی سابقہ ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ان دونوں پارٹیوں نے صوبہ جموں کی عوام کے جذبات کیساتھ کھلواڑ کی ہے ۔اراکین کے مطابق ریاست میں سابقہ مخلوط حکومت کے دوران تعمیر و ترقی کے علا وہ بے روز گاری میں بھی کافی حدتک اضافہ ہو ا جس کی وجہ سے نوجوانوں میں تشویش پیدا ہو چکی ہے ۔پارٹی کارکنوں نے ریاستی گورنر کی جانب سے اسمبلی تحلیل کر نے کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے مانگ کی کہ جلداز جلد اسمبلی انتخابات منعقد کئے جائیں تاکہ عوام کو جمہوری طرز حکومت فراہم کی جائے ۔اس موقعہ پر ینگ پنتھرس کی طرف سے وارڈ نمبر 28بخشی نگر کی نئی باڈی بھی تشکیل دی گئی ۔
سمبڑ میں رام بن پولیس کا عوامی دربار
رام بن //عوام اور پولیس کے مابین تعلقات بہتر بنانے وعوامی مسائل کو سننے کیلئے ضلع رام بن کے سمبر علا قہ میں پولیس پبلک میٹنگ کا اہتمام کیا گیا ۔ایس ایس پی انیتا شرما کی ہدایت پرڈی ایس پی ہیڈ کواٹر اصغر ملک اور ایس ایچ ائو دھرم کنڈ کی قیادت میں منعقدہ اس میٹنگ میں 90سے زائد معززین نے شرکت کی ۔اس میٹنگ کے دوران مقامی لوگوں نے علا قہ میں پینے کے صاف پانی کی قلت ،بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی ،رابطہ سڑکوں کی خستہ حالت ،سرکاری سکولوں میں ٹیچروں کی قلت اور دیگر بنیادی سہولیات کے فقدان کی شکایت درج کروائی گئی ۔پولیس آفیسران نے عوامی مسائل کو بغور سننے کے بعد ان کو یقین دلایا کہ ان کی جائیز مانگوں و مطالبات کو پورا کر نے کیلئے متعلقہ محکموں کے اعلیٰ آفیسران سے رابطہ کیا جائے گا ۔پولیس آفیسران نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ آپسی بھائی چارے کو بر قرار رکھتے ہوئے آئندہ پنچایتی انتخابات میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں۔
پنچایتی انتخابات 2018 ادہم پور میں انتخابی عملے کیلئے تربیتی پروگرام
ادہم پور //پنچایتی انتخابات 2018کے چلتے ضلعی انتظامیہ ادہم پور نے 5ویں مرحلے کے انتخابات کے سلسلہ میں پولنگ عملے کیلئے تربیتی پروگرام کااہتمام کیا ۔ڈسٹر کٹ پنچایت الیکشن آفیسر کی قیادت میں ان ملازمین کیلئے گور نمنٹ ڈگری کالج بوئز اور گور نمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین میں تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں 815پولنگ آفیسران کو تربیت دی گئی ۔یاد رہے پانچویں مرحلے کے تحت ضلع میں چار بلاکوں میں انتخابات منعقد کئے جایں گے ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈسٹر کٹ الیکشن آفیسر نے پولنگ عملے کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ مذکورہ مرحلے کے انتخابات کو صاف و شفاف طرز عمل سے منعقد کرنے کیلئے اپنا رول ادا کریں ۔
نگروٹہ میں محکمہ صحت کا طبی کیمپ
نیوز ڈیسک
جموں //محکمہ صحت جموں کی جانب سے نگروٹہ میں طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران امرایض قلب کے ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا طبی معائینہ کرنے کے علاوہ ان کو قیمتی مشورے اور ادویات بھی فراہم کیں ۔اس موقعہ پرڈاکٹر سشیل شرما نے مریضوں کو بیدار کرتے ہوئے کہاکہ سرد موسم امرایض کلب کیلئے مضر ہے ۔نگروٹہ کے گجرو بلا ور علا قہ میں لگا ئے گئے اس طبی کیمپ کے دوران ماہر ڈاکٹروں نے موسم سرماکے دوران اختیار کی جانے والی احتیاطی تدبیرکے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی ۔ڈاکٹروں کے مطابق ٹھنڈے موسم میں تمام عمر کے افراد کے جسم میں درجہ حرارت میں یکسانیت نہیں رہ سکتی جس کی وجہ سے حرکت قلب کے تناسب میں بھی تبدیلی آتی ہے جس سے جان کا خطرہ بھی پیدا ہو سکتا ہے ۔اس طبی کیمپ کے دوران 250سے زائد مریضوں کا طبی معائینہ کرنے کیساتھ ساتھ ان کو ادویات بھی فراہم کی گئی ۔
کلا کیندر میں بالی ووڈ فلم کے لئے آڈیشن لئے گئے
جموں //کلا کیندر جموں میں بالی ووڈ فلم کے لئے آڈیشن لئے گئے۔اس موقعہ پر فلم کے ڈائریکٹر تیج آر پنچال بطور جج موجود تھے جبکہ ان کے علا وہ کرماٹ گورسی ،امتیاز گورسی نے بھی نوجوانوں کی صلاحیتوں کا جائیزہ لیا ۔ آڈیشن کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے فلم کے ڈائریکٹر نے کہاکہ اس فلم کی شوٹنگ جموں و کشمیر میں کی جائے گی جس کی وجہ سے انہوں نے جموں میں ہی آڈیشن لئے ۔انہوں نے مزید کہاکہ جموں کے نوجوانوں میں صلاحیت کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن بیداری اور بہترین موقعہ فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ 15اور 16دسمبر کو وہ جموں سے 50کے قریب ادا کاروں کو متاروف کرئینگے ۔
خواتین کیخلاف تشددکے خاتمے کے عالمی دن پر تقریبات
جموں//نیشنل ڈیولپمنٹ فائونڈیشن (NDF) نے صوبہ جموں کے متعدد اضلاع میں خواتین کیخلاف تشدد کے خاتمے کا عالمی دن منایا ۔اس سلسلہ میں فائو نڈیشن کی جانب سے جموں ،سانبہ،کٹھوعہ اور پونچھ کے چھ گائوں میں مختلف عنوانوں کے تحت پروگراموں کا اہتمام کیاگیا ۔اس موقعہ پر بچوں کی تنظیموں کے ممبران نے بچوں کے حقوق پر بیداری پروگرام کا اہتمام کیا جبکہ اسی طرح ،بچوں کے تحفظ ، خواتین کیخلاف تشدد ،بچیوں اور خواتین کیخلاف تشدد جیسے معاملات کو حل کر نے کیلئے اختیار کیا جانے والا طریقہ کار پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔ان پروگراموں کے دوران بچوں کیلئے مصوری مقابلوں کیساتھ ساتھ کوئز،ریلیوں ودیگر تفری مقابلوں کا اہتمام کیا گیا تھا ۔نیشنل ڈیولپمنٹ فائونڈیشن کے اشتراک سے جموں کے کوٹلی ،بھری ،ٹانڈا اور گھراٹل گائوں جبکہ سانبہ کے پالی اور کراٹولی علا قوں میں بیداری پروگراموں کا اہتمام کیا گیا تھا۔