کووڈ مریضوں کی ہسپتال آمد میں تاخیر
اموات کی شرح میں اضافے کی اصل وجہ ؛محکمہ صحت
سمت بھارگو
راجوری //میڈیکل کالج راجوری کے پرنسپل ڈاکٹر برج موہن گپتا نے بتایا کہ کووڈ مریضوں کو ہسپتال پہنچنانے میں ہوئی تاخیر کی وجہ سے اموات کی شرح میں اضافہ ہو ا ہے ۔کشمیر عظمیٰ کیساتھ بات چیت کرتے ہوئے پرنسپل موصوف نے کہا کہ ضلع راجوری میں کووڈ کی وجہ سے ہوئی اموات کی شرح میں اضافہ ہو ا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ حالیہ کچھ دنوں سے وائرس کے شکار مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا تاہم اس کی اصل وجہ مریض ہسپتالوں کا رخ تاخیر سے کررہے ہیں ۔ڈاکٹر برج موہن گپتا نے کہاکہ کئی ایک مریض خود ہی ادویات و دیگر احتیاط کا استعمال کرتے ہیں اور ہسپتال کا اس وقت رخ کرتے ہیں جب ان کے جسم میں آکسیجن کی مقدار میں کمی ہوتی ہے ۔موصوف نے مریضوں و معززین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ وقت پر ہسپتالوں کا رخ کریں تاکہ ان کو معقول ادویات اور آکسیجن فراہم کی جاسکے ۔مشینری کی دستیابی کے سلسلہ میں ایک سوال کے جواب میں پرنسپل موصوف نے کہاکہ اس وقت ان کے پاس دس وینٹی لیٹر موجود ہیں جبکہ ان میں اضافے کا پلان مرتب کیاجارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ آکسیجن پلان اور تین سب پلانٹ بھی موجود ہیں ۔
سڑک حدثے میں کمسن زخمی
راجوری //راجوری ضلع میں ایک سڑک حادثے میں ایک 15سالہ لڑکا شدید زخمی ہو گیا ۔پولیس نے بتایا کہ کالا کوٹ کے بدیوگ گائوں میں ایک کمسن ایک ٹا ٹا موبائل گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہو گیا ۔زخمی کی شناخت محمد زبیر ولد عبدالغنی سکنہ بدیوگ کے طورپر ہوئی ہے ۔زخمی کو لواحقین و عام لوگوں نے ہسپتال میں علاج معالجہ کیلئے داخل کروایا ہے جبکہ پولیس نے اس سلسلہ میں مزید کارروائی شروع کر دی ہے ۔
سی ڈی پی او پر پنچایتوں کے کام میں دخل دینے کا الزام
محمد بشارت
کوٹرنکہ //بلاک ترقیاتی کونسل بدھل کے ممبران کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں اراکین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔سرپنچ محمد شبیر افلاطون کی قیادت میںمنعقد اجلاس کے دوران ممبر ان نے مختلف مسائل پر تفصیلی غور کرتے ہوئے سی ڈی پی او پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ آنگن واڑی مراکز کیلئے راشن کی خریداری میں متعلقہ سی ڈی پی او غیر ضروری طورپر دخل اندازی کررہا ہے ۔سرپنچ کیول فاروق انقلابی نے کہا کہ سی ڈی پی او کوٹرنکہ بْدھل بلاک کے سرپنچوں کو اِس بات کے لئے دباو ڈال رہا ہے کے وہ آنگن واڑی مراکز کے لئے غذائیت اْنکی مرضی کے مطابق کریں۔ فاروق انقلابی نے کہا کے اگر آنگن واڑی مراکز کے لئے غذائیت محکمہ کے دبائو میں خریدنی تھی تو حکام نے پنچایتوں کو اختیارات ہی کیوں دئیے ہیں ۔ فاروق انقلابی نے کہا کے بلاک بْدھل (نیو) کا کوئی بھی سرپنچ سی ڈی پی او کوٹرنکہ کی بتائی ہوئی دْکان سے راشن نہیں خریدے گا جبکہ آنگن واڑی مراکز کے لئے جو بھی غذائیت کی خریداری کی جائے گی وہ باقائدہ خریداری کمیٹی کے مشورے سے کی جائے گی۔ اجلاس میں سرپنچ محمد اقبال، سرپنچ خلیل اْلرحمان ، سرپنچ شاہدہ پروین، سرپنچ نصرین اختر، سرپنچ گلشن بیگم، سرپنچ، لیاقت علی وغیرہ نے شرکت کی ۔
بی ایم ا و مینڈھر کے کام کی ستائش
جاوید اقبال
مینڈھر //سابقہ ممبر اسمبلی مینڈھر نثار احمد خان نے بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر ڈاکٹر پرویز خان کی کے کام کی تعر یف کرتے ہوئے کہاکہ کووڈکے اس مشکل دور میں آفیسر موصوف نمایاں کارکرد گی کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔یہاں جاری ایک بیان میں موصوف نے کہاکہ آفیسر موصوف کی جانب سے عوام کے بچائو کیلئے مختلف نوعیت کے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بلاک میڈیکل آفیسر کی قیادت میں طبی شعبہ کی جانب سے مریضوں کی ٹیسٹنگ ،مثبت مریضوں کی پہچان اور ان کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے جیسے فارمولے پر عمل کیاجارہا ہے ۔سابقہ ممبر اسمبلی نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ آفیسر موصوف کو انعام سے نوزا جائے ۔
طبی عملہ کیساتھ تعاو ن نہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی مانگ
حسین محتشم
پونچھ// ہر گزرتے دن کے ساتھ ساتھ کرونا وائرس کے معاملات میں تیزی دیکھنے کو مل رہی ہے۔دیگر اضلاع کی طرح پونچھ ضلع میں بھی کرونا وائرس کے مثبت معاملات بڑھ رہے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے وائرس کا پھیلائو روکنے کی ہر ممکن کوشش ہو رہی ہے۔اس دوران طبی عملہ بھی اپنی جانوں پر کھیل کر عوامی خدمات انجام دے رہے ہیں۔پونچھ کے کلائی پل پر قائم کرونا وائرس ٹیسٹ کیمپ پر کچھ افراد کی کرونا رپورٹ مثبت پائی گئی جس کے بعد وہاں موجود طبی عملہ نے انھیں الگ رہنے کو کہااس بات ان افراد نے طبی عملہ کے ساتھ گالی گلوچ کی اور نازیبہ زبان استعمال کر کے فرار ہو گئے تاہم ان کو سمجھنے کی کوشش کی گئی لیکن پولیس کا رول بھی معیاری نہیں رہا ۔ ٹیسٹنگ سنٹر کلائی پر تعینات عملہ جن میں ریاضت علی میر ،ماسٹر نشاط تانترے اور ماسٹر مقداد علی نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ جہاں جہاں بھی ٹیسٹ کرنے والی ٹیمیں یا ویکسین کرنے والا عملہ تعینات کیا جاتاہے وہاں وہاں ان کی حفاظت کو یقینی بنایاجائے۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور ایس ایس پی پونچھ سے اپیل کی ہے کہ کلائی سمیت تمام مقامات پر تعینات طبی عملہ و دیگر کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے تعینات عملہ کی حفاظت کو یقینی بنایاجائے او راگر کوئی شخص طبی عملہ کیساتھ نازیبہ سلوک کرے تو ان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جاے۔
پونچھ میں کووڈکے56نئے کیس،03 اموات
حسین محتشم
پونچھ // ضلع پونچھ میںبدھوار کووڈ 19 کے56 نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیں جبکہ اس دوران03افراد کی کوڈ19کی وجہ سے موت بھی واقع ہوئی ہے۔نوڈل آفسر کوڈ 19ضلع پونچھ زمود احمد کی جانب سے ملی جانکاری کے مطابق ضلع پونچھ میں پچھلے چوبیس گھنٹو ںکے دوران56 نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیں ۔ اس طرح ضلع میں مثبت معاملات کی کل تعداد 4556ہوگئی جن میں سے 3065افراد صحت یاب ہو کر اپنے گھرو روانہ ہوئے۔ ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد بڑھ کر1429 پہنچ گئی ہے۔نوڈل افسر کوڈ 19زموداحمد نے تمام لوگوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی باری آنے پر ویکسین کے ٹیکے لگانے کی اپیل کی ہے۔