راجوری //مدرسہ رضویہ اشرفیہ ایتی جو راجوری کی سب سے بڑی دینی درسگاہ ہے جہاں پر حدیث کی کتاب جلالین شریف کا درس شروع کیا گیا ۔ اس موقعہ پر مدرسہ ہذا میں ایک تقریب کااہتمام بھی کیا گیا تھا جس میں مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر راجوری شاہد اقبال چودھری موجود رہے جبکہ ایس ایس پی یوگل منہاس بھی پروگرام میں شریک ہوئے ۔ مدرسہ کے ذمہ دارو انجمن اہل سنت کے ضلع صدر مولانا فاروق احمد نعیمی نقشبندی نے بتایا کہ مدرسے دین کے قلعے ہوتے ہیں جہاں پر قرآن پاک اور حدیث مبارکہ کا درس دیا جاتا ہے تاکہ معاشرے کو بہتر سمت کی طرف گامزن رکھا جاسکے اور معاشرے کو برائیوں سے بچاتے ہوئے دین اسلام کا مکمل پاسدار بنایا جاسکے ۔ اس موقعہ پر مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال نے کہا کہ دینی تعلیم اہم اور ضروری ہے تاہم ساتھ عصری تعلیم سے کسی بھی صورت میں کنارہ کشی وقت کے ساتھ ناانصافی ہوگی ۔ انہوں نے تمام طلباء اور اساتذہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ مذہب اسلام کو سمجھنے کی کوشش کریں تاکہ بین الاقوامی سطح پر مدارس اور دین کو لیکر جو غلط فہمیاں پائی جارہی ہیں ،وہ دور کی جاسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ مدارس اسلامیہ دین کے قلعے ہیں جن کی بقاء اور دیگر بنیادی ضروریات کا خیال رکھنا مسلمانوں پر لازم ہے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ انتظامیہ کی طرف سے ہر ممکن تعاون فراہم کریںگے ۔اس موقعہ پر ایگزیکٹوانجینئر محکمہ پی ایچ ای نثار خان نے مدرسے میں ایک ہال کی تعمیر کاذمہ لیتے ہوئے کہا کہ وہ بچوں کے لئے مدرسہ میں ایک ہال تعمیر کرائیں گے ۔ تقریب میں سینئر کانگریس لیڈروضلع صدر سائیں عبدالرشید بھی موجود تھے ۔