عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // گذشتہ روز ضلع راجوری کی قدیم اور معروف دینی درسگاہ مدرسہ التوحید جامع مسجد تھنہ منڈی کے زیرِ اہتمام شعبہ حفلتہ القرآن کا سالانہ انعامی مسابقہ نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس روح پرور اجتماع میں علمائے کرام، معززینِ علاقہ، عوام الناس اور طلبہ کے والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مسابقے میں طلبہ نے مختلف لہجوں میں نہایت خوش الحانی اور سوز و گداز کے ساتھ تلاوتِ قرآنِ کریم اور خطبات پیش کئے، تدریر و ترتیل کے مختلف اسالیب میں پیش کی گئی خوبصورت تلاوت نے ماحول کو نورانیت اور روحانیت سے بھر دیا، معزز شرکاء و مہمانوں نے طلبہ و اساتذہ کرام کی انتھک محنت و لگن اور مدرسہ التوحید کی ہمہ جہت علمی دینی اور سماجی خدمات کو دل کھول کر سراہا۔ اس موقع پر ادارے کے مہتمم مفتی عبدالرحیم ضیائی قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قرآن کریم کی عمدہ تعلیم، تجوید کی رعایت، تلاوت کا شوق اور قرآن فہمی کا مزاج بنانا ہماری بنیادی ترجیح ہے اور بات کی اشد ضرورت ہے کہ نئی نسل کو قرآن پاک سے وابستگی پیدا ہو تاکہ وہ فتنوں سے محفوظ رہیں اس کے لئے ایسے مسابقہ جات نہایت اہمیت کے حامل ہیں، انہوں نے طلبہ کی محنت، ان کے اساتذہ کی کوششوں اور والدین کے تعاون کو سراہتے ہوئے مزید بہتری کے لیے رہنمائی فراہم کی، نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو مہمانوں کے ہاتھ سے خصوصی انعامات سے بھی نوازا گیا، پروگرام کے اختتام پر انتظامیہ کی جانب سے شکریہ کے کلمات پیش کیے گئے اور ملک و ملت کی خیر و سلامتی، قرآن مجید کے ساتھ تعلقِ قلبی میں اضافہ اور آئندہ مزید کامیابیوں کے لیے خصوصی دعاء پر مجلس اپنے اختتام کو پہنچی۔