کار پراسرار طور پر خاکستر
نیوز ڈیسک
راجوری //راجوری کے سندربنی علاقے میں گزشتہ شب ایک کار پراسرار طور پر خاکستر ہوگئی ۔کار زیر نمبر Jk02K 5477کو پراسرار طور پر رات کے گیارہ بجے آگ لگ گئی جس کی وجہ سے وہ پوری طرح سے خاکستر ہوگئی ۔پولیس ذرائع کے مطابق یہ کار نئے بس اڈہ پر پارک کی ہوئی تھی جو پوری طرح سے تباہ ہوگئی ہے ۔اس کار کا مالک نریش چندر ہے جو سندر بنی کارہنے والاہے ۔اس دوران فائر بریگیڈ اور پولیس کی ٹیم موقعہ پر پہنچ گئی جس نے کار کے علاوہ مزید کچھ تباہ ہونے سے بچالیا ۔ابھی تک کار جلنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم یہ خیال کیاجارہاہے کہ اسے پٹاخے سرکائے جانے سے بھی آگ لگ سکتی ہے ۔
شیر کشمیر محلہ میں ترقیاتی کام نہ کرنے کا الزام
حسین محتشم
پونچھ//محلہ کی سڑک کی مرمت اور دیگر تعمیراتی کام نہ کئے جانے پر وارڈ نمبر 2محلہ شیر کشمیر کی عوام نے انتظامیہ سے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق ان کے محلہ کو جان بوجھ کر نظر اندا کیا جا رہا ہے۔اس سلسلہ میںسابق کونسلر وارڈ نمبر 2 محمد نذیر المعروف جنگی نے الزام لگایاکہ پونچھ قصبہ کے کامسر کے محلہ شیر کشمیر میں میونسپل کونسل پونچھ کی جانب سے پچھلے چار سال سے کوئی بھی تعمیری کام نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کیونکہ یہ محلہ ایسا ہے جس میں اکثر لوگ غریب ہیں، اس لئے انہیں نظر انداز کیا جارہا ہے۔ان کاکہناتھا کہ وہ دیکھ رہے ہیں کہ پونچھ قصبہ میں زوروشور سے تعمیراتی کام کئے جا رہے ہیں اورسڑکوں کی مرمت کروائی جارہی ہے، کہیں تارکول تو کہیں ٹائلیں بچھائی جا رہی ہیں اورکئی سڑکیں جو ابھی بالکل ٹھیک تھی، ان کو بھی توڑ کر دوبارہ بنایا جا رہا ہے لیکن ان کا ہی محلہ ایساہے جہاں کی سڑکوں کی خستہ حالی کی وجہ سے وہ ندی نالوں کی صورت اختیار کر چکی ہیں اورانتظامیہ کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی جارہی ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگرسے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمہ میونسپل کونسل کے افسران کو ہدایت کرے کہ ان کے محلہ شیر کشمیر کی سڑک کی مرمت کی جائے اور محلہ کے لوگوں کو دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ایم اے وائی کا بھی محلہ کے لوگوں کوفائدہ دیاجائے ۔
لورن پولیس کاعوامی دربار
عشرت بٹ
منڈی//تحصیل منڈی کے علاقہ لورن کھڑپا میں پولیس اور عوام کے تعلقات کو بہتر بنانے کے حوالے سے پولیس اور عوام کے درمیان ایک اجلاس ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر پونچھ شاہد نعیم کی صدارت میں منعقد کیاگیا جس میں ایس ایچ اولورن جونیش ورما اور مقامی معززین بھی موجو دتھے ۔ اجلاس کے دوران سماج میں پنپ رہی برائیوں کے سدباب پر تبادلہ خیال کیاگیا۔مقررین نے لورن تا کھڑپا سڑک کی بد حالی ،علاقہ میں پانی وبجلی اور دوسری اشیائے ضروریہ کی فراہمی نہ ہونے پر برہمی کااظہار کیا ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے محمد امین نے کہاکہ علاقہ کا پانی اور بجلی نظام کافی حد تک خراب ہے اور سڑک پر تارکول نہیں بچھایاجارہا۔ مقامی لوگوںنے پولیس افسران سے اپیل کی کہ وہ ان مطالبات کو حکام کے نوٹس میںلاکر حل کرائیں ۔ پولیس افسران نے یقین دلایاکہ وہ مطالبات حل کرانے کی بھرپور کوشش کریںگے ۔
ڈاکٹرنرمل سنگھ نے جوانوں کے ساتھ دیوالی منائی
جموں//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے اکھنور سیکٹر میں بھارت۔ پاک بین الاقوامی سرحد پر گرکھال بارڈر آو¿ٹ پوسٹ پر حفاظتی عملے کے ساتھ دیوالی منائی۔نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ اُن کی اہلیہ ممتا سنگھ اور اُن کے افراد خانہ بھی تھے۔نائب وزیر اعلیٰ نے فوجی جوانوں کے رول کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان جوانوں کی بدولت کی ملک کے لوگ پُر امن طریقے پر تہوار مناتے ہیں۔اس موقعہ پر نرمل سنگھ نے جوانوں کے ساتھ بات چیت اور اُن میں مٹھائیاں تقسیم کیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ہر شہری کو حفاظتی عملے پر فخر ہے جو سرحدوں کی حفاظت کر کے ملک کو تضفظ فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت فوجی جوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے وعدہ بند ہے۔اس دوران آئی جی بی ایس ایف رام اوتار نے نائب وزیر اعلیٰ کو سرحدوں کی موجودہ صورتحال سے جڑے امور کے بارے میں جانکاری دی۔
ایس ایچ او منڈی کے اعزاز میں الوداعیہ
منڈی// ایس ایچ او منڈی انظر میر کے تبادلہ پر منڈی کے معززین اور نوجوانوں نے الوداعی تقریب کا اہتمام کیا۔اس الوداعی تقریب میں صدارت کے فرائض ایڈمنسریٹراوقاف پونچھ ریاض آتش نے انجام دیئے ۔اس موقعہ پر ایڈیشنل ایس پی پونچھ انوارلحق ، ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر شاہد نعیم اور انظر میر بھی موجو دتھے ۔ انظر میراور سب انسپکٹر سمیر احمد کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے شمیم گنائی ، تاج میر ، آفتاب گنائی ، بلال مخدومی ، اکبر علی بانڈے ، اکرم لون وغیرہ نے کہاکہ دونوں آفیسران نے بہترین کام کئے ۔انہوں نے کہا کہ ان کی تعیناتی کے دوران رشوت خوری اور اجارہ داری تھانے کے قریب بھی نہیں آئی ۔تقریب سے فاروق خان ، عبدالاحد بٹ ، ایم ایم پٹھان وغیرہ نے بھی خطاب کیا جبکہ نظامت کے فرائض حمید نباض نے انجام دیئے۔
پینتھرز پارٹی کے راجوری ضلع یونٹ کی تشکیل نو
مشتاق چودھری ضلع صدر، بانکے لال شرما جنرل سیکرٹری مقرر
جموں//جموں کشمیر نیشنل پینتھرز پارٹی نے ضلع راجوری کے لئے نیا ضلع صدر اور دیگر عہدیداران کی تقرری کا اعلان کیا ہے ۔حاجی مشتاق چودھر ی کو راجوری کا ضلع صدر تعینات کیا گیا ہے جب کہ غلام مصطفی وانی ضلع صدر ہوںگے۔ بانکے لال شرما جنرل سیکرٹری، اکمل خان جوائنٹ سیکرٹری، ظہیر چاڑک یوتھ صدر ضلع راجوری اور عبدالحمید کو یوتھ نائب صدر ضلع راجوری بنایا گیا ہے ۔یہاں جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق پارٹی کے ریاستی صدر دفاتر پر منعقدہ ایک تقریب میں پینتھرز پارٹی کے ریاستی صدر بلونت سنگھ منکوٹیہ نے ان تقرریوں کا اعلان کرتے ہوئے نئے عہدہ داران کی گل پوشی کی اور توقع ظاہر کی کہ ان کی محنت و لگن سے خطہ پیر پنچال بالخصوص راجوری ضلع میں پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔ منکوٹیہ نے کہا کہ جموں کو الگ ریاست بنانے کے لئے پورے خطہ کے شمال و جنوب میں آواز بلند کی جائے گی اور سبھی لوگ اس میں حصہ لیں گے تا کہ یہاں کے لوگوں کے ساتھ ہونے والے بھید بھاﺅ کو ختم کیا جا سکے ۔