وعدے ایفا کئے جائیں:قادر
راجوری//پہاڑی سٹوڈنٹس یونین کے سابق صدر پہاڑی کلچرل و ویلفیئر فورم کے سابق ترجمان ایڈووکیٹ عبدالقادر خان نے حکومت پر طفل تسلیاں دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاہے کہ اب وقت آگیاہے کہ وہ وعدے پورے کئے جائیں جو بارہا پہاڑی قوم کے ساتھ کئے جاتے رہے ہیں ۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت نے اپنے کم از کم مشترکہ پروگرام میں اس بات کا اعلان کیاتھاکہ پہاڑی طبقہ کو شیڈیول ٹرائب کادرجہ دیاجائے گالیکن اب تک اس سلسلے میں کوئی اقدام نہیں اٹھایاگیا اور ایسا لگتاہے کہ حکومت اپنا وقت پوراکررہی ہے اور وہ پہاڑی طبقہ کے مسائل کیلئے سنجیدہ نہیں ہے ۔ ان کاکہناتھاکہ ہر ایک حکومت ، وزیر اعلیٰ ، گورنر حتیٰ کہ وزیر اعظم نے پہاڑی طبقہ کے ساتھ فریب کیا اور کسی نے بھی ان کی مانگ کو پورا کرنے کیلئے دلچسپی نہیں دکھائی ۔ قادر خان نے کہاکہ پہاڑی طبقہ کو ووٹ بنک کے طور پر استعمال کیاجاتاہے اور یہ نہیں دیکھاجاتاکہ اس طبقہ کو کن کن مسائل کاسامناہے۔ انہوںنے کہاکہ نہ ہی دہائیوں پرانا شیڈیول ٹرائب کا معاملہ حل ہو ااور نہ ہی پانچ فیصدی ریزرویشن دی گئی جس پر سابق حکومت نے قانون سازیہ کے دونوں ایوانوںسے بل بھی پاس کردیاتھا۔انہوںنے کہاکہ آخر کب تک پہاڑی کو بیوقوف بنایاجاتارہے گا۔
نوشہرہ کی گلیوں کا تعمیر ی کام شرو ع کرنے کی ہدایت
رمیش کیسر
نوشہرہ //ممبر قانون سا زکونسل سریندر چوہدری نے نوشہرہ بازار کی گلیوں کا جائزہ لے کرمیونسپل کمیٹی کے عہدیداران کو تعمیراتی کام شروع کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوںنے کہاکہ کمیٹی کے پاس رقومات دستیاب ہیں اور پھر بھی کاموں کی ٹینڈرنگ نہیں کی گئی ۔ انہوںنے کہاکہ کام نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کاسامناہے۔انہوںنے میونسپل کمیٹی کے ایگزیکٹو افسر کو ہدایت دی کہ وہ خستہ حالت گلیوں کی مرمت اور تعمیر کاکام فوری طور پر شروع کرائیں ۔
رہبر تعلیم فورم کا وفد چیف ایجوکیشن افسر سے ملاقی
حسین محتشم
پونچھ//رہبرِ تعلیم فورم کا ایک وفد نجم جعفری کی قیادت میں چیف ایجوکیشن افسر مشتاق حسین سے ملاقی ہوا۔وفد میں ضلع صدر شاہنواز بخاری اور شمیم الحسن انصاری بھی شامل تھے۔ اس دوران وفد کے ارکان نے سی ای او کو رہبر تعلیم اساتذہ کو درپیش مسائل سے روشناس کروایا۔انہوں نے سی ای او سے اپیل کی کہ وہ زونل ایجوکیشن افسران کو حکم نامہ جاریں کریں کہ وہ معلم کی ڈگری جسے سرکار کی جانب سے تسلیم کیا گیا ، پر عملدر آمد کا حکم جاری کریں جس پر موصوف نے موقعہ پر ہی تمام زونل ایجوکیشن افسران کو ہدایت پر عمل کرنے کا حکم صادر کیا۔اس دوران اساتذۃ نے پوسٹ فیکٹو اور پری فیکٹو کی بقیہ فائلیں مکمل کرنے کا بھی مطالبہ کیا اوراساتذہ کی بقایا تنخواہیں واگزار کرنے کی اپیل کی ۔وفد میں شامل تمام اساتذہ نے مشتاق حسین کو بحیثیت چیف ایجوکیشن افسر تعینات ہونے پر مبارک باد پیش کی اور انہیں یقین دلایا کہ رہبر تعلیم اساتذہ انکوبھرپور تعاون دیں گے۔چیف ایجوکیشن افسر نے بھی اساتذہ کو یقین دلایا کہ وہ ان کے تما م جائز مطالبات پورا کریں گے ۔
پولیس کا حد متارکہ پر عوامی دربار
منجاکوٹ //پولیس نے منجاکوٹ کے ترکنڈی علاقے میں ایک عوامی دربار منعقد کیا ۔یہ عوامی دربار ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس کی ہدایت پر ایس ڈی پی او منجاکوٹ امتیاز احمد اور ایس ایچ او محمد اقبال کی طرف سے منعقد کیاگیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ یہ علاقہ حد متارکہ کے قریب واقع ہے ۔اس دربار میں ترکنڈی گلی ، پیر گلی اور چو رگلی کے لوگوں نے بھی شرکت کی ۔اس موقعہ پر لوگوں نے مانگ کی کہ سرحدی کشیدگی کے دوران انہیں تحفظ دینے کے اقدامات کئے جائیں ۔ انہوںنے دیگر مسائل بھی پولیس افسران کے نوٹس میں لائے ۔ایس ڈی پی او نے کہاکہ ان کے مطالبات کو اعلیٰ حکام کے نوٹس میںلاکر حل کرایاجائے گا۔ انہوںنے کہاکہ حد متارکہ کے قریب کی آبادی مشکل حالات میں بھی پولیس اور سیکورٹی فورسز کو تعاون دے رہی ہے جو قابل سراہناہے۔
آتشزدگی میں گھاس خاکستر
کوٹرنکہ//خواص تحصیل کے گائوں کھوڑبنی میں چکلی کے مقام پرجمع کئے گئے گھاس کو اچانک آگ لگ گئی جس کی وجہ سے وہ خاکستر ہوگیا۔یہ گھاس نذیر حسین ولد مکھنا ساکنہ کھوڑبنی کاتھاجس کو سوموار دن دو بجے اچانک لگ گئی ۔اس دوران آس پڑوس کے لوگ جب تک موقعہ پر پہنچتے تب تک آگ پورے گھاس کو جلاکر راکھ بناچکی تھی ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ نذیر حسین ایک غریب کسان ہے جس کو معاوضہ دیاجائے تاکہ وہ اپنے مال مویشی کیلئے گھاس کا بندوبست کرسکے نہیں تو ان کے مویشی بھوکے مریںگے ۔
ایس ایچ او سرنکوٹ کے اعزاز میں تقریب
سرنکوٹ //پیس فائونڈیشن پونچھ نے سرنکوٹ یوتھ کے اشتراک سے ایس ایچ او سرنکوٹ اجے جموال ے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی جن کا حال ہی ایس ایچ او پونچھ کے طور پر تبادلہ ہواہے ۔یہ تقریب ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر اجے جموال کے تئیں نیک خواہشات کا اظہا رکرتے ہوئے مقامی لوگوں نے کہاکہ انہوںنے سرنکوٹ میں بہت اچھا وقت گزارا۔اپنے خطاب میں جموال نے کہاکہ انہیںمقامی لوگوں کی طرف سے ہر ممکن تعاون ملا جس کیلئے وہ ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔تقریب میں حمید منہاس ، طارق منہاس ، امتیاز کاظمی ، رزاق کالس ، وسیم بخاری ، سید افتخار ، یونس چوہدری ، ایڈووکیٹ ظفر علی ، مرتضیٰ احمد ، محمد ذاکر کے علاوہ بلاک ڈیولپمنٹ افسر غلام مصطفی ، تحصیلدار سرنکوٹ روہت شرما اور دیگر افسران بھی موجو دتھے ۔
ایس ایچ او پونچھ کے تبادلہ پرتقریب
حسین محتشم
پونچھ// ایس ایچ او پونچھ محمد آمین چوہدری کو پونچھ سے تبادلہ کئے جانے پر ان کے اعزاز میں نیشنل کانفرنس اکائی پونچھ کی جانب سے ڈاک بنگلہ پونچھ میںالوداعی تقریب زیر صدارت ضلع صدر باغ حسین راٹھور منعقد کی گئی ۔اس موقعہ پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایچ او پونچھ کی حیثیت سے محمد آمین نے بہت اچھا کام کیااور پونچھ تھانہ میں قلیل مدت کے دوران انہوں نے نمایاںکارکردگی دکھائی جس کی وہ بھرپور سراہنا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موصوف کا دور پونچھ کیلئے اچھا رہا۔ محمد آمین نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کو پونچھ میں جو ماحول ملا وہ اسے ہمیشہ یاد رکھیںگے ۔اس موقعہ پر ڈی وائی ایس پی ڈی اے آر موہن لال شرما ، محمد سلیم کھاری، محمد بشیر میر، سورجن سنگھ، چوہدری محمد افضل، سراج الدین شیخ، محمد صادق، کمل جیت سنگھ، اسحق خان، قاضی محمد صادق، محمد شریف، عبدالجبار تانترے، محمد صادق، صوفی عبدالقیوم، عبدالرشید شاہ پوری وغیرہ بھی موجو دتھے۔
مینڈھر کے عوامی مسائل حل کرنے پر زور
مینڈھر//کانگریس کی ریاستی سکریٹری پروین سرور خان نے سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مینڈھر اسمبلی حلقہ میں لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں لیکن حکومت کو ٹس سے مس نہیں ۔اپنے ایک پریس بیان میں انہوںنے کہاکہ سڑکوں کی حالت نہایت ہی خستہ ہے جبکہ لوگ پانی کی بوند بوند کے لئے ترس رہے ہیں اور بجلی کی غیر معینہ کٹوتی کا سلسلہ کبھی ختم ہی نہیںہوتا۔ان کاکہناہے کہ تعلیمی نظام بھی روبہ زوال ہے اورتعمیر و ترقی صرف نام کی ہے جبکہ زمینی سطح پر کہیں بھی کچھ کام نہیں ہورہا۔انہوںنے کہاکہ سڑکوں پر بڑے بڑے کھڈے پڑچکے ہیں جس پر مال ومویشی بھی نہیں چل سکتے لیکن پھر بھی مجبوراًڈرائیور انہی سڑکوں پر گاڑیاں چلاتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ پانی کی ستر فیصد سکیمیں ناکارہ بن کر رہ گئی ہیں اورلوگوں کو پینے کا صاف پانی نہیں مل رہا نتیجہ کے طور پروہ کئی کلو میٹر دور سے جا کر پانی لانے پر مجبور ہیں ۔انہوںنے کہا کہ سرکار فوری طور محکمہ کو یہ لائنیں ٹھیک کرنے کی ہدایت دے ۔انہوںنے کہاکہ بجلی سپلائی کاکوئی وقت ہی مقرر نہیںاور غیر معینہ کٹوتی سے بچوں کی پڑھائی متاثرہورہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ تعلیمی نظام تباہ ہوکر رہ گیاہے اور زیادہ تر سکولوں میں اساتذہ نے ایک ایک دن مقرر کر کے رکھا ہوتاہے کہ کس دن کس کو حاضری دیناہے ۔انہوں نے کہاکہ مینڈھر کے عوامی مسائل حل کئے جائیں اور اس علاقے کو نظرانداز نہ کیاجائے ۔
لینڈ ریکارڈ ڈیجیٹائزیشن ورکشاپ منعقد
راجوری //لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹائلائزیشن پر راجوری میں ایک ورکشاپ منعقد کیاگیا جس میں محکمہ مال کے افسران اور فیلڈ عملے نے شرکت کی ۔اس پروگرام کی صدارت ریجنل ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ و سروے شوکت حسین کاظمی نے کی ۔انہوںنے اس ورکشاپ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے ملازمین اور افسران پر زور دیاکہ وہ ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز بنانے کیلئے اقدامات کریں ۔پروگرام میں اسسٹنٹ کمشنر ریونیو راجوری عبدالقیوم میر ، سب ڈیویژنل مجسٹریٹ نوشہرہ عبدالستار ، سب ڈیویژنل مجسٹریٹ سندر بنی کرتار سنگھ ، تحصیلدار منجاکوٹ ، تحصیلدار راجوری ، تحصیلدار درہال ، تحصیلدار نوشہرہ اور تحصیلدار قلعہ درہال بھی موجو دتھے ۔سینئر پروجیکٹ منیجر آر اے ایم ٹیک کمپنی ڈاکٹر رانا سنگھ نے اس دوران پاور پوائنٹ پریزینٹیشن کے ذریعہ اس حوالے سے اہم جانکاری فراہم کی ۔قیوم میر نے فیلڈ عملہ پر زور دیاکہ وہ اس ورکشاپ سے بھرپور فائدہ اٹھائیں ۔