پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے حدِ متارکہ کے بالکل قریب واقع گائوں اجوٹ کے محمد نصیر کو فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک کردیاگیا۔لس نائیک محمد نصیر جو کہ 15جے کلائی سے وابستہ تھا،گزشتہ روز بالاکوٹ میں639الفا پوسٹ پر تعیناتی کے دوران پاکستانی فوج کی فائرنگ اور گولہ باری کا نشانہ بن کر لقمہ اجل بن گیا۔اتوار کو مرحوم کی لاش کو پونچھ لایا گیاجس دوران پرانی پونچھ میں’’ نمن ستھل ‘‘ پر اسے فوج کی جانب سے سلامی دی گئی ۔ اس موقعہ پر برگیڈ کمانڈر 93انفینٹری برگیڈ کے علاوہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر، ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے ، فوج اور سیول انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے جنہوں نے مرحوم کے جنازہ پر پھول چڑھا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ بعد از آں ان کی لاش کو ان کے آبائی گائوں اجوٹ کے قبرستان میں لے جا کر نماز جنازہ ادا کی گئی اور وہیں پر انہیں دفن کردیاگیا۔اس موقعہ پر بھی فوج کی جانب سے سلامی دی گئی۔