جموں //پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کی صدرمحبوبہ مفتی بدھوار کو ایک ہفتہ کے دورہ پرجموں پہنچ گئیں جس دوران وہ پارٹی کے سینئررہنمائوں کے ساتھ اہم سیاسی اموراورمستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کریں گی ۔یہ سابق وزیراعلیٰ کا گزشتہ سال نومبر دسمبر میں ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کے بعد جموں کا پہلا دورہ ہوگا۔ان انتخابات میں عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ جس کی پی ڈی پی بھی ایک اکائی ہے،نے 280نشستوں میں سے110نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے فتح حاصل کی تھی۔پی ڈی پی کے ترجمان فردوس ٹاک نے بتایا کہ محبوبہ مفتی جموں پہنچ گئیں ہیں ۔وہ ایک ہفتہ تک یہاں پارٹی رہنمائوں اور اراکین سے پارٹی معاملات اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر غور کریں گی۔دورے کے دوران محبوبہ مفتی پونچھ اورراجوری اضلاع بھی جائیں گی اورخطہ چناب کابھی دورہ کریں گی جہاں وہ پارٹی کارکنوں سے تبادلہ خیال کریں گی ۔وہ سابق وزیرسردار رفیق خان کے لواحقین سے بھی ملیں گی اور ان کی تعزیت پرسی کریں گی۔85برس کے رہنما20جنوری کو انتقال کرگئے تھے۔