پونچھ//ماہ صیام کے سلسلہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے اپنے دفتر کے کانفرنس ہال میں ایک اجلاس منعقد کیاجس میں اضافی ضلع ترقیاتی کمشنر گرویندرجیت سنگھ،اے ایس پی مسرور میر، مولانا فاروق احمد مصباحی، مولانا سعید حبیب بانڈے، حافظ مجید،سی ایم او پونچھ ڈاکٹر ممتاز بھٹی کے علاوہ محکمہ بجلی، محکمہ پی ایچ ای کے ایکس ای این ، محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر آئمہ اور معزز شہریوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ ماہ مبارک رمضان کے دوران بجلی پانی اور راشن کی فراہمی کو یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ بازاروں میں ماہ مبارک رمضان کے شروع ہوتے ہی کاروباری سبزیوں، پھلوں اور دیگر ضروری اشیا کی قیمتیں بڑھا کر عوام کی مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔انہوں نے اپیل کی کہ اشیاء کے نرخوں کی ایک جائز فہرست انتظامیہ کی جانب سے شائع کی جائے تاکہ کوئی کاروباری لوگوں سے اضافی قیمت نہ لے سکے۔علمائے کرام نے مساجد کے ارد گرد صفائی خصوصی انتظام کرنے کے ساتھ ساتھ حفاظتی اقدام کرنے کی بھی اپیل کی۔تمام لوگوں بغور سننے کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد ہارون ملک نے انہیں یقین دلایا کہ انتظامیہ کی جانب سے عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے موقعہ پر ہی افسران کو ہدایت جاری کی کہ وہ ماہ مقدس کے دوران عوام کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرنے کے اقدام کریں۔