عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر نے جمعرات کو کٹرہ میں جدید سہولیات سے آراستہ نئے ہیلی پورٹ کا افتتاح کیا، جس سے ماتا ویشنو دیوی اور شیو کھوڑی آنے والے عقیدت مندوں کو بڑی راحت ملنے کی امید ہے۔ حکام کے مطابق تقریباً 27 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا یہ جدید ہیلی پورٹ یاتریوں کیلئے بہتر سفری سہولیات، تیز رابطہ اور محفوظ ہیلی کاپٹر خدمات فراہم کرے گا۔افتتاح کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ اس جدید ہیلی پورٹ کو شری ماتا ویشنو دیوی شائن بورڈ اور شیو کھوڑی شائن بورڈ نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تیاری میں جدید سہولیات اور حفاظتی معیارات کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے تاکہ یاتریوں کو عالمی معیار کی خدمات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ ہیلی پورٹ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (DGCA) کے تمام معیارات کے مطابق تعمیر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماتا ویشنو دیوی کے یاتریوں میں ہیلی کاپٹر سروس کی مانگ مسلسل بڑھ رہی تھی، اسی لئے حکومت نے ایک جدید اور محفوظ ہیلی پورٹ قائم کرنے کا فیصلہ لیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ اب کٹرہ سے شیو کھوڑی آنے والے عقیدت مند بھی ہیلی کاپٹر کے ذریعے درشن کیلئے آسانی سے سفر کر سکیں گے اور اس روٹ پر جلد ہی باقاعدہ ہیلی کاپٹر سروس شروع کی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی سہولیات سے دونوں مذہبی مقامات پر آنے والے زائرین کو فائدہ ہوگا اور جموں خطے میں مذہبی سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ یاتریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے مسلسل اقدامات کر رہی ہے تاکہ ملک بھر سے آنے والے عقیدت مندوں کو محفوظ، آرام دہ اور جدید سفری سہولیات دستیاب ہو سکیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل کٹرہ میں دو ہیلی پیڈ پہلے سے موجود ہیں، جن میں ایک کٹرا شہر جبکہ دوسرا سانجی چھت میں واقع ہے، جہاں سے ماتا ویشنو دیوی بھون جانے والے یاتریوں کو ہیلی کاپٹر سروس فراہم کی جاتی ہے۔ نئے ہیلی پورٹ کے قیام سے نہ صرف موجودہ خدمات میں بہتری آئے گی بلکہ شیو کھوری جیسے اہم مذہبی مقام تک رسائی بھی مزید آسان ہو جائے گی، جس سے سیاحت اور مقامی معیشت کو بھی فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔