کنگن+شوپیان //سرینگر لیہہ اور بانڈی پورہ گریز شاہرائوںکے علاوہ مغل روڑ پانچویں روز بھی آمدورفت کے لئے بند رہا، جس کے نتیجے میں سینکڑوں گاڑیاں درماندہ ہیں ۔جمعہ کی شام سے ہوئی برفباری کے بعد حکام نے سرینگر لیہہ شاہراہ کوآمدورفت کے لئے بند کردیا گیا کیونکہ زوجیلا، منی مرگ اور گمری میں شدید برفباری ہوئی تھی۔سونہ مرگ ، وسن، ریول ،کلن اورگگن گیر میں قریب 130گاڑیاں درماندہ ہیں جبکہ دراس میں بھی سینکڑوں گاڑیاں سرینگر آنے کے انتظار میں ہیں۔ دراس، زوجیلا، منی مرگ، گمری اور سونہ مرگ میں دو فٹ سے زیادہ برف جمع ہے اور بیکن نے شاہراہ سے برف ہٹانے کا کام شروع کردیا ہے۔ادھر مغل روڑ بدستور بند ہے ۔ہیر پورہ میں 8انچ، دبجن میں ایک فٹ اور پیر کی گلی میں تقریباً ڈیڑھ فٹ برف ریکارڈ کی گئی ہے اور ہیر پورہ سے آگے برف ہٹانے کا کام بھی شروع کیا گیا ہے۔حکام نے کہا کہ پیر کی گلی تک برف ہٹائی گئی ہے لیکن احتیاط طور پر گاڑیوں کی آمد و رفت فی الحال معطل ہے کیونکہ پیر کی شام یہاں ایک بار پھر ہلکی برفباری ہوئی۔
شاہراہ پر کار پر پتھر گرے
خاتون سمیت چار زخمی
محمد تسکین
بانہال//جموں سرینگر شاہراہ پر دوپہر ساڑھے بارہ بجے کے قریب اننت ناگ سے جموں کی طرف جانے والی ایک 300 XUV نمبر JK03K / 0926 خونی نالہ پل کے نزدیک گرتے پتھروں اور پسی کی زد میں آگئی۔ اس حادثے میں کار میں سوار چار افراد زخمی ہوئے جن میں ایک خاتون اور ایک ڈیڑھ سال کا بچہ بھی شامل ہے۔ پتھروں او رپسیوں کے گر آنے وجہ سے ملبے میں پھنسی کار کو باہر کھینچنے اور شاہراہ کی بحالی میں قریب ڈیڑھ گھنٹے تک کا وقت لگا ۔زخمیوں کی شناخت مدثر احمد انکی اہلیہ راشدہ بیگم ، محمد سہیل وانی اور ان کے اٹھارہ مہینے کے بیٹے انم راجہ کے طور کی گئی ہے اور یہ سب مٹن علاقے سے تعلق رکھتے ہیں۔