یو این آئی
بیونس آئرس/ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین کے ہاتھوں شکست کے بعد بیونس آئرس میں منعقد ہونے والی ٹیم کی اوپن ٹاپ بس پریڈ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور نجی طیارے کے ذریعے اپنے آبائی شہر روزاریو روانہ ہو گئے ۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میسی کچھ وقت اپنے اہل خانہ کے ساتھ گزاریں گے اور اس دوران اپنے والد خورخے میسی اور والدہ سیلیا کوچیتینی سے بھی ملاقات کریں گے۔
ورلڈ کپ کے سنسنی خیز فائنل میں اسپین نے اضافی وقت میں فیران ٹوریس کے فیصلہ کن گول کی بدولت ارجنٹینا کو 1-0 سے شکست دے کر عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان تلخ لمحات بھی دیکھنے میں آئے ۔دوسری جانب ارجنٹینا کی ٹیم کا وطن واپسی پر شاندار استقبال کیا گیا، تاہم کئی کھلاڑی امریکہ ہی میں رک گئے ، جبکہ 15 کھلاڑی ہیڈ کوچ لیونل اسکالونی کے ہمراہ استقبالیہ پریڈ میں شریک ہوئے ۔رپورٹس کے مطابق میسی کے والد صحت کے مسائل کے باعث ورلڈ کپ کے دوران اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے نہیں جا سکے تھے ۔شکست کے بعد لیونل میسی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے جذباتی پیغام میں مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس شکست کا زخم بھرنے میں وقت لگے گا، تاہم مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل تک رسائی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے ۔انہوں نے اسپین کو ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔