نیویارک/ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے ورلڈ کپ فائنل میں اسپین کے ہاتھوں 1-0 سے شکست کے بعد اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس صدمے سے باہر آنے میں ٹیم کو وقت لگے گا۔نیوجرسی میں اتوار کو کھیلے گئے فائنل کے اضافی وقت میں فیران ٹوریس کے گول نے ارجنٹینا کی مسلسل دوسرا عالمی خطاب جیتنے کی امیدیں ختم کر دیں، جبکہ میسی بھی اپنے شاندار کیریئر کا اختتام دوسرے ورلڈ کپ ٹائٹل کے ساتھ کرنے کا خواب پورا نہ کر سکے ۔39 سالہ میسی سے 2030 کے اگلے ورلڈ کپ میں شرکت کی توقع نہیں کی جا رہی، اگرچہ انہوں نے ابھی تک اپنی ریٹائرمنٹ کے بارے میں کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے ۔میسی نے سوشل میڈیا پر لکھا، ”یہ شکست بہت تکلیف دہ ہے اور اس زخم کو بھرنے میں وقت لگے گا، لیکن ہم ان تمام خوشگوار لمحات کو بھی یاد رکھیں گے جب ہم نے اپنی پوری طاقت کے ساتھ مقابلہ کیا۔ وہ لمحات ہمیشہ ہماری یادوں کا حصہ رہیں گے ۔