محتشم احتشام
پونچھ//جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے لوک بھون جموں میں معروف ادیب، صحافی اور دانشور ایم ایس نازکی کی تصنیف کردہ کتاب دی بیٹل آف ہل کاکا (آپریشن سرپ وناش) کا باضابطہ اجراء انجام دیا۔ یہ کتاب فوج کے ایک تاریخی اور جرات مندانہ فوجی آپریشن کی چشم کشا داستان ہے، جو بہادری، قربانی اور حب الوطنی کے جذبے سے لبریز ہے۔کتاب کی رونمائی کے موقع پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے مصنف کو اس اہم اور وقیع تصنیف پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’دی بیٹل آف ہل کاکا‘نہ صرف ہماری مسلح افواج کی شجاعت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی عکاس ہے بلکہ یہ نوجوان نسل کو ایثار، فرض شناسی اور قومی خدمت کے جذبے سے روشناس کرانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے اس موقع پر کہا کہ آپریشن سرپ وناش جیسے تاریخی معرکے قوم کے اجتماعی شعور کا حصہ ہیں، جنہیں قلم بند کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ایسی کتابیں عوام اور جوان کے درمیان مضبوط رشتہ قائم کرتی ہیں اور قوم کو اپنے محافظوں کی قربانیوں کا احساس دلاتی ہیں۔کتاب کے مصنف ایم ایس نازکی نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ تصنیف ان جانباز جوانوں کے نام ایک خراجِ عقیدت ہے جنہوں نے ملک کی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہل کاکا کی جنگ بھارتی عسکری تاریخ کا ایک روشن باب ہے، جسے آنے والی نسلوں تک پہنچانا ان کا فرض تھا۔کتاب کی اجراء تقریب میں معزز افسران، دانشوران، صحافیوں اور مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ یہ تقریب علمی و فکری اعتبار سے نہایت اہم قرار دی جا رہی ہے اور توقع ہے کہ یہ کتاب قومی تاریخ اور عسکری ادب میں ایک نمایاں اضافہ ثابت ہوگی۔