محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کے عوام کے لیے ایک مسرت بھری خبر سامنے آئی ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل ابھیجیت ایس پندھارکر کوفوج میں ایک اہم اور باوقار عہدے، ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (DGMO)، پر تعینات کیا گیا ہے۔ ان کی اس اہم تقرری پر ضلع بھر میں خوشی اور فخر کا اظہار کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل پندھارکر اس سے قبل پونچھ93 انفینٹری بریگیڈ کے بریگیڈیئر کے طور پر اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اپنے دورِ قیادت میں انہوں نے نہ صرف پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا بلکہ مقامی آبادی کے ساتھ مضبوط اور خوشگوار تعلقات بھی استوار کیے۔
ان کی قیادت میں فوج اور عوام کے درمیان باہمی اعتماد میں اضافہ ہوا، جسے آج بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل پندھارکر ہمیشہ عوام کے دکھ سکھ میں شریک رہے اور انہوں نے ایک عوام دوست فوجی افسر کی حیثیت سے اپنی پہچان بنائی۔ ان کی سادگی، نظم و ضبط اور خدمت کے جذبے نے انہیں پونچھ کے عوام کے دلوں میں ایک خاص مقام عطا کیا۔اس موقع پر پونچھ کے سابق رکن قانون ساز اسمبلی شاہ محمد تانترے نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل پندھارکر کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ تقرری نہ صرف فوج کے لیے بلکہ پونچھ کے عوام کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل پندھارکر کی قیادت اور تجربہ اس اہم عہدے پر ملک کے دفاعی نظام کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔شاہ محمد تانترے نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنی نئی ذمہ داریوں میں کامیاب کرے اور وہ اسی طرح ملک و قوم کی خدمت جاری رکھیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے افسران کی تعیناتی سے عوام اور سیکورٹی اداروں کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔پونچھ کے عوام کی جانب سے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے اور سبھی نے ان کے روشن مستقبل کے لئے دعا کی ہے۔