جموں/ /وزیرا عظم کے اقتصادی مشاورتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر ببیک دیبرائے نے مختلف اقسام کے لیبر قوانین اصلاحات وضع کرنے کے لئے جموں وکشمیر کی حکومت کی سراہنا کی ہے۔ڈاکٹر دیبرائے نے جموںمیں ریاست کے لیبر محکمہ کے افسروںکی ایک میٹنگ کے حاشیہ پر رپورٹوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف پورا ملک لیبر قوانین اصلاحات کے معاملے سے جوجھ رہا ہے اور دوسری طرف جموں وکشمیر کی حکومت نے اس معاملے میں پیش رفت حاصل کی ہے اور اس نے لیبر قوانین اصلاحات شروع کرکے ملک کو ایک راہ دکھائی ہے۔وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب اے درابو جو میٹنگ میں موجود تھے نے ڈاکٹر دیبرائے کو جانکاری دی کہ اس وقت ریاست میں لگ بھگ260لیبر قوانین موجود ہے جنہیں کم کر کے ایک مساوی کوڈ وجود میں لایا جارہا ہے۔ڈاکٹر دیبرائے جو ایک معروف ماہر اقتصادیات ہونے کے ساتھ ساتھ نیتی آلوگ کے ساتھ نیتی آیوگ کے ممبر بھی ہیں نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت کے لیبر قوانین اصلاحات ریاست میں تجارت کو آسان کرنے میں کافی مدد گار ثابت ہوں گے اور اس کے ساتھ ساتھ ان کی بدولت مزدور طبقے کی توقعات کو پورا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔چیئرمین نے ریاستی حکومت کی طرف سے غیر منظم سیکٹر کے کارکنوں کے لئے بڑے پیمانے پر ریاستی حکومت کی طرف سے شروع کئے گئے اقدامات کی کافی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے غیر منطم سیکٹر کے مزدوروں کی بہبودی کے لئے محافظ نامی سکیم صحیح معنیوں میں ایک اہم قدم ہے ۔اس سے پہلے ڈاکٹر دیبرائے کو ریاست میں حکومت کی طرف سے لیبر قوانین اصلاحات کے بارے میں تفصیل سے جانکاری دی گئی ۔ایک علاحدہ میٹنگ کے دوران ڈاکٹر دیبرائے نے کلیدی محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کے دوران ریاست میں مرکزی معاونت والی سکیموں کی پیش رفت کو زیر بحث لایا ۔اس موقعہ پر مرکزی معاونت والی سکیموں کے مختلف پہلوئوں اور مدوں پر تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ ان سکیموں کو موثر ڈھنگ سے عملایا جاسکے ۔چیف سیکرٹری بی بی ویاس ، پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کے چودھری ، پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر پون کوتوال ، کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت شیلندر کمار ، کمشنر سیکرٹری پبلک ورکرس سنجیو شرما ، کمشنر سیکرٹری محکمہ بجلی ہردیشن کمار ، کمشنر سیکرٹری محنت و روزگار کفایت حسین رضوی، لیبر کمشنر جے اینڈ کے ڈاکٹر عبدالرشید اور کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجو دتھے۔