مینڈھر//گورنمنٹ پرائمری سکول محلہ کھیت منگرالاں اڑی کوچار روز تک مقفل رکھنے کے بعد محکمہ تعلیم نے کے آفیسران نے محلہ کے لوگوں کے ساتھ کئی گھنٹوں تک بات چیت کرکے بچوں کی پڑھائی کیلئے کھول دیاہے ۔گورنمنٹ پرائمری سکول محلہ کھیت منگرالاں اڑی میں اساتذہ نہ ہونے کی وجہ سے محلہ کے لوگوں نے سکول کو مقفل کر دیا تھا اور ان کا الزام تھا کہ محکمہ تعلیم کے آفیسران نے جان بوجھ کر اسکول کے ایک ٹیچر کو کہیں اٹیچ کر کے رکھا ہے اور بچوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔یاد رہے کے تین روز تک محکمہ کی جانب سے کسی نے بھی سکول کا دورہ نہیں کیاتاہم ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی مداخلت کے بعد ایس ڈی ایم مینڈھر نے جمعرات کو دو الگ الگ ٹیموں کو علاقے میں روانہ کیا جبکہ ایس ڈی ایم مینڈھر کے کہنے پر ایک ٹیچر کو بھی زیڈ ای او ہرنی نے معطل بھی کردیا جس نے سکول میں جوائن نہیں کیاتھا۔وہیں جمعہ کو زیڈ ای او ہرنی نے سکول کا دورہ کرکے محلہ کے لوگوں کیساتھ کئی گھنٹوں تک بات چیت کرنے کے بعد دوپہر کو سکول کو بچوں کی پڑھائی کے لئے کھلوادیا۔اس موقعہ پر زیڈ ای او ہرنی نے لوگوں کے ساتھ وعدہ کیا کہ ایک ہفتہ کے اندراندرسکول میں ایک ٹیچر تعینات کیاجائے گااور بچوں کی پڑھائی ضائع نہیں ہونے دیں گے جس کے بعد لوگوں نے سکول کا تالا کھولاتاہم ساتھ ہی یہ انتباہ بھی دیاکہ اگر ٹیچر کی تعیناتی نہ ہوئی تو وہ دوبارہ سکول کو مقفل کردیںگے ۔ایس ڈی ایم مینڈھر کا کہنا تھا کہ جمعہ کو بعد دوپہر سکول کو کھول دیا گیا ہے جبکہ انہوں نے جو دو الگ الگ ٹیمیں گذشتہ روز سکول بھیجی تھیں جنہوںنے حالات کا جائزہ لینے کے بعد رپورٹ انہیں پیش کردی ہے جس کو انہوںنے ڈپٹی کمشنر پونچھ کو روانہ کیاہے ۔انہوںنے بتایاکہ رپورٹ میں انہوںنے سفارش کی کہ سکول سے غیر حاضر رہنے والے ٹیچر کو معطل کیاجائے ۔