راجوری //راجوری شہر کی اندرونی گلی کوچوں میں کہیں مقامی تو کہیں غیر ریاستی باشندوں کی طرف سے ناجائزتجاوزات کھڑی کی گئی ہیں جو راہگیروں کے لئے مشکل کا سبب بن رہی ہیں ۔ جہاں ایک طرف راجوری شہر میں تاجروں کی طرف سے دوکانوں کے باہر سامان لگانے کا سلسلہ جاری ہے وہیں گلی کوچوں سے گزر نے والے راہگیروں کو چلنے کاراستہ تک نہیں ملتاکیونکہ ریڑی فروشوںجن میںزیادہ تعداد غیر ریاستی باشندوں کی ہے،کی طرف سے پہلے سے تنگ گلی کوچوں میں سامان لگادیاجاتاہے تاہم اب تک نہ ہی انتظامیہ اور نہ ہی میونسپل کونسل نے اس جانب کوئی توجہ دی ہے ۔مقامی شہریوں محمد شبیر ، سجاد احمد اور مرزا اعجاز نے بتایا کہ گلی کوچوں میں ریڑی لگانے والوں اور مستقل دوکانداروں کی طرف سے جوناجائز تجاوزات کھڑی کی گئی ہیں وہ عوام کیلئے کسی بڑی مشکل سے کم نہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی کی ملی بھگت کے سبب ہی ایسا کیا جارہا ہے ۔ انہوںنے ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ انہوںنے ضلع میں ملازمین اور افسران کو سٹریم لائن بنایاہے اور کئی اہم مسائل حل کئے ہیں لیکن شہر کی اندرونی گلی کوچوں کی طرف بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے جہاں لوگوںکو چلنے کاراستہ نہیں ملتا اور بزرگ ،خواتین اور بچوں کو دھکے کھانے پڑتے ہیں ۔ مقامی لوگوں نے ڈپٹی کمشنر سے اپیل کی ہے کہ وہ راجوری بازار کے اندورنی راستوں پر کھڑی کی گئی ناجائزتجاوزات کو ہٹانے کے احکامات جاری کریں اور ریڑی والوںکیلئے الگ کسی جگہ کا انتخاب کیاجائے۔