ایجنسیز
نیویارک// امریکی وفاقی حکام نے بھارت میں قائم ایک مبینہ بین الاقوامی جرائم پیشہ تنظیم سے منسلک 200 سے زائد ویب سائٹ ڈومین ضبط کر لیے ہیں، جو غیر قانونی آن لائن فارمیسیوں کے ذریعے ادویات فروخت کرنے میں ملوث بتائی جاتی ہے۔ حکام کے مطابق ان فارمیسیوں کو کم از کم چھ ہلاکتوں اور چار غیر مہلک اوورڈوز کے واقعات سے جوڑا گیا ہے۔امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن (DEA) کے ملک بھر میں قائم فیلڈ دفاتر نے متعدد کارروائیاں کرتے ہوئے چار افراد کو گرفتار بھی کیا، ادارے نے بیان میں کہا۔ڈی ای اے نے مشرقی نیویارک کے امریکی اٹارنی آفس کے تعاون سے بتایا کہ ‘‘آپریشن میلٹ ڈاؤن’’ کے تحت ان ویب سائٹ ڈومینز کو ضبط کیا گیا، جو مبینہ طور پر امریکہ میں سرگرم بھارت سے منسلک ٹرانس نیشنل کرمنل آرگنائزیشنز سے وابستہ تھے۔ ان نیٹ ورکس کی تحقیقات 2022 سے جاری تھیں۔ڈی ای اے کے مطابق ادارہ عالمی سطح پر اپنی رسائی استعمال کرتے ہوئے بھارتی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کر رہا ہے تاکہ غیر قانونی منشیات اور جعلی ادویات کی اسمگلنگ میں ملوث خطرناک گروہوں کی نشاندہی، تفتیش اور خاتمہ کیا جا سکے۔حکام نے بتایا کہ 27 جنوری 2026 سے امریکہ بھر میں کارروائیاں کی گئیں جن کے نتیجے میں چار افراد کی گرفتاری کے علاوہ پانچ فوری معطلی احکامات (ISO) اور ایک شوکاز نوٹس (OTSC) جاری کیا گیا۔