سمت بھارگو
راجوری//جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر سید درخشاں اندرابی نے اپنے دور راجوری کے دوسرے دن قصبہ راجوری میں تعمیر کئے گئے جدید اور ہائی ٹیک کانفرنس ہال کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ افتتاحی تقریب میں وقف بورڈ کے افسران اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔افتتاح کے بعد ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے ضلعی انتظامیہ، وقف افسران، علمائے کرام، مذہبی رہنماؤں اور ائمہ مساجد کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں آنے والے مذہبی مواقع خصوصاً عیدالفطر، جمعتہ الوداع اور شبِ قدر کے سلسلے میں کئے جانے والے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما، ایڈیشنل کمشنر ریونیو محمد جہانگیر خان، تحصیلدار ہیڈکوارٹر راجوری انشاء خالد، ایگزیکٹو انجینئر پی ڈی ڈی منیر حسین، ایگزیکٹو انجینئر پی ایچ ای سدیش بھگت، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ، سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افیئرز روہت کمار، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر عاشق رفیق ملک اور وقف ایڈمنسٹریٹر عبد القیوم میر سمیت دیگر افسران اور معززین نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دی کہ عیدالفطر اور دیگر اہم مذہبی مواقع کے پیش نظر عوام کے لئے بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان مقدس ایام کے دوران نمازیوں اور زائرین کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام متعلقہ محکموں کو باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر راجوری اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مقامی انتظامیہ نے وقف بورڈ کے ساتھ ہمیشہ تعاون کیا ہے جس کی بدولت مختلف ترقیاتی اور سہولتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنا ممکن ہوا ہے۔بعد ازاں ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے زیارت حضرت عبد الرحمن شاہ میں تعمیر کئے گئے سینیٹری کمپلیکس کا بھی افتتاح کیا اور فتح پور راجوری میں واقع جامع مسجد زیارت میں نمازیوں کی سہولت کے لئے قالین بچھانے کے کام کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ وقف بورڈ مذہبی مقامات کی ترقی اور زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی راجوری سمیت پورے خطے میں مذہبی مقامات کی بہتری اور عوامی سہولیات کے فروغ کے لئے وقف بورڈ اپنی خدمات جاری رکھے گا۔