عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عالمی یوم ماحولیات پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کیلئے ہم سب کو اپنا رول ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر پوری دنیا میں ماحولیاتی شفافیت سے اعلی مقام حاصل کی ہوئی ہے اور ہم سب پر فرض عائد ہوتا ہے کہ اِس کو قائم دائم رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ نامساعد حالات کے دوران بدقسمتی سے جنگلوں میں درختوں کو بے تحاشہ کاٹا گیا جس سے ماحولیاتی توازن پر نہایت برا اثرا پڑا جبکہ ندی نالوں، چشموں اور جھیلوں کو آلودہ کیا جارہا ہے جس سے اِن قدرتی نعمتوں پر برے اثرات مرتب ہورہے ہیں۔
انہوں نے اپیل کی کہ ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کیلئے لوگوں میں بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کرنے کیلئے ایک بااثر مہم چلائی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہمیں شیخ العالمؒ کے ارشادات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کے پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے دوسرے لوگوں کو بھی اِس مہم میں شامل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرام کا انعقاد کرنے کی ضرورت ہے جس سے لوگوں میں آگاہی پیدا کرائی جاسکے کہ ہم اپنے ماحول کو کس طرح بچا سکتے ہیں اور ہم کو کیا کیا کرنا چاہئے اور ساتھ ہی ہمیں اس بات کا تہیہ کرنا ہوگا کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو بہترین ماحول فراہم کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ ہم پودے لگائے اور ان کی حفاظت کریں اور پالی تھین بیگ کی جگہ تھیلا استعمال کرنا چاہیے اور کوڑے کرکٹ سے پالی تھین کو علیحدہ کر کے کوڑے سے نامیاتی کھاد تیار کی جائے۔