تھنہ منڈی // محکمہ پی ایچ ای (جل شکتی) کے عارضی ملازمین نے حکام سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد ان کی تنخواہ وگزار کی جائے تاکہ وہ اپنے مسائل حل کرسکیں ۔انہوں نے انتظامیہ کو انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اگرجلداز جلد ان کی تنخواہ وگزار نہیں کی جاتی تو اس سلسلہ میں کام چھوڑ ہڑتال شروع کی جائے گی ۔ محکمہ کے عارضی ملازمین نے پی ایچ ای جوائنٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے جھنڈے تلے احتجاج کرتے ہوئے واجب الادا تنخواہوں کی واگزاری کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے انکے گھروں کے چولہے بھی ٹھنڈے ہوچکے ہیں۔ملازمین نے الزام عائد کیا کہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت غریب ڈیلی ویجرس کو بلی کا بکرا بنانے کی کوشش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیلی ویجروں کو بلا وجہ تنگ وطلب کرکے سڑکوں پر اترنے کے لئے مجبور کیا جا رہا ہے۔عارضی ملازمین نے بتایا کہ پچھلے 3 ماہ سے نامعلوم وجوہات کی بناء پر ان کی تنخواہیں واگزار نہیں ہوئی ہیں ۔انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر حکام نے ان کی جلدازجلد تنخواہ وگزار نہیں کی تو اس سلسلہ میں کام چھوڑ ہڑتال کی جائے گی ۔