سرینگر//دُنیا کے ایک سب سے بڑے صحت پروگرام آیوشمان بھارت کی شروعات کی ایک کڑی کے طور پر آج ایس کے آئی سی سی سرینگر میں وزیر اعظم نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اس پروگرام کی شروعات کی۔وزیر اعظم نے رسمی طور جھار کھنڈ کے دارلخلافہ رانچی میں اس پروگرام کا آغاز کیا۔سرینگر میں افتتاحی تقریب صحت و طبی تعلیم محکمہ نے منعقد کی تھی اور اس میں چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم، پرنسپل سیکرٹری صحت اتل ڈلو، ایم ڈی این ایچ ایم بھوپندر کمار، ڈائریکٹر آئی ایس ایم اینڈ ایچ جے اینڈ کے مختلف میڈیکل کالجوں کے پرنسپل ، میڈیکل طُلاب اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔سرکاری معاونت والی اس صحت انشورنس سکیم کے ذریعے سے ملک بھر کے سرکاری اور درج شدہ پرائیویٹ ہسپتالوں میں ایک کُنبہ کو سالانہ5 لاکھ روپے کی مفت کوریج دستیاب ہوگی۔وزیر اعظم نے کہا کہ سکیم اقتصادی طور پسماندہ اور غریب لوگوں کے لئے وجود میں لائی گئی ہے اور اس سے10 کروڑ کنبوں کے50 کروڑ لوگ مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سکیم میں کنبے کے حُجم اور عمر کی کوئی بالائی حد نہیں ہے اور یقینی بنایا جارہا ہے کہ کوئی بھی اس سکیم سے باہر نہ رہ سکے۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ لوگوں کو اس سکیم کاہیلپ لائین نمبر یاد رکھانا چاہئے۔ آیوشمان بھارت کا ہیلپ نمبر14555 ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اس نمبر سے مدد حاصل کرنی چاہئے۔