عظمیٰ نیوزسروس
جموں//ڈویژنل کمشنر جموں، رمیش کمار نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا، این ایچ آئی ڈی سی ایل اور بارڈر روڈز آرگنائزیشن کی طرف سے جموں ڈویژن میں نافذ کیے جانے والے مختلف نیشنل ہائی وے پروجیکٹوں اور بڑے روڈ پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ڈویژنل کمشنر کو دہلی-امرتسر-کٹرا ایکسپریس وے، جموں-پونچھ نیشنل ہائی وے، بدھل-مہور-گل روڈ اور این ایچ آئی ڈی سی ایل کی طرف سے چناب وادی خطہ میں تیار کی جانے والی شاہراہوں کے پیکج وار حصوں کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔دہلی-امرتسر-کٹرا ایکسپریس وے کے بارے میں، ڈویژنل کمشنر نے وجے پور میں 3کلومیٹر اوور برج کو تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت دی۔چیف انجینئر بی آر او کو جموں پونچھ قومی شاہراہ پر گندھارون میں ٹنل کے دونوں ٹیوبوں کو جلد از جلد کھولنے کی ہدایت دی گئی تاکہ ٹریفک کی ہموار نقل و حرکت ہوسکے۔بھگوتی نگر فلائی اوور کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے ڈویژنل کمشنر نے این ایچ آئی ڈی سی ایل کو ہدایت دی کہ وہ اس پروجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کرے۔ قومی شاہراہ پراجیکٹس کی آسانی سے عمل آوری کے لیے اراضی کے حصول اور جنگلات کی منظوری سے متعلق کئی دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈویژنل کمشنر نے متعلقہ حکام اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ نیشنل ہائی وے پراجیکٹس کے باقی ماندہ حصے کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے تمام زیر التوا مسائل کو حل کریں۔میٹنگ میں ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹر جیولوجی اینڈ مائننگ جموں، چیف انجینئر پروجیکٹ بیکن/سمپرک، ریجنل آفیسر این ایچ اے آئی، جی ایم این ایچ آئی ڈی سی ایل اور پروجیکٹ ڈائریکٹرز جموں اور ادھم پور نے شرکت کی۔