عظمیٰ نیوز سروس
جموں //شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ نے پیر کے روز جموں و کشمیر کے کشتواڑ خطے کا دورہ کر کے وہاں تعینات فورسز کی انسدادِ ملی ٹینسی تیاریوں اور کاؤنٹر ٹیررازم گرِڈ کا تفصیلی جائزہ لیا۔وائٹ نائٹ کور کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک پوسٹ کے مطابق، وائٹ نائٹ کور کے جی او سی، جی او سی سی آئی ایف (ڈیلٹا) کے ہمراہ کشتواڑ کے عمومی علاقوں میں پہنچے، جہاں انہوں نے کاؤنٹر ٹیررازم گرِڈ کا معائنہ کیا اور زمینی سطح پر تعینات یونٹس کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران کمانڈر کو موجودہ سیکورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، جب کہ سیکورٹی نظام کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف ایجنسیوں کے درمیان باہمی تال میل (انٹر ایجنسی ہم آہنگی) کو بہتر بنانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔بیان کے مطابق، سی آئی ایف ڈیلٹا کے جوان اندرونی علاقوں میں پوری چوکسی کے ساتھ مستعد کھڑے ہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لئے ہر وقت تیار ہیں۔ پوسٹ میں کہا گیا کہ ‘‘جہاں چوکسی جرات سے ملتی ہے، وہاں ہمارے جوان ہمیشہ خطرات سے ایک قدم آگے رہتے ہیں۔ ہم خدمت کرتے ہیں، ہم حفاظت کرتے ہیں۔واضح رہے کہ کشتواڑ، جموں و کشمیر کا ایک حساس ضلع ہے، جہاں وقتاً فوقتاً سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینا اور فورسز کی تیاریوں کو جانچنا اہم سمجھا جاتا ہے۔