عاصف بٹ
کشتواڑ //چھاترو کشتواڑ میں جیش محمد کے تین چھپے ہوئے ملی ٹینٹوں کے درمیان سیکورٹی فورسز کیساتھ پچھلے 13روز کے دوران چوتھی بار آمنا سامنا ہوا ہے اور ہفتے کو دن میں تین بار طرفین میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے شمالی کمان کے سربراہ جمعہ کی رات کشتواڑ پہنچے اور سنیچر کو انہوں نے انکوانٹر کی جگہ کا جائزہ لیا۔ جاری سرچ آپریشن کو ہفتہ کی صبح انکائونٹر کے بعد ایک مخصوص علاقے تک محدود کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق 30کلو میٹر دور مسلح تصادم اس وقت شروع ہوا جب پولیس اور 11آر آرنے ہفتہ کی صبح تلاشی کارروائی کیلئے محاصرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صبح5بجکر 45منٹ پر دیچھہڑ اور دیلر کے درمیانی علاقہ دولگام میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ دن میں 11بجے کے قریب ہوا اور اسکے بعد دن کے 2بجے طرفین کے مابین آمنا سامنا ہوا۔ وقفے وقفے سے فائرنگ ہوتی رہی لیکن4بجے سے کوئی فائر نہیں ہوا اور علاقے میں مکمل خاموشی چھا گئی۔پولیس نے بتایا کہ کشتواڑ میں پچھلے سات مہینوں میں چھ انکائونٹر دیکھے گئے ہیں ۔ فورسز نے خطے میں سرگرم ملی ٹینٹوںکے خلاف کریک ڈان جاری رکھا ہوا ہے، جس کی سرحدیں ڈوڈہ اور ادھم پور اضلاع سے ملتی ہیں۔وائٹ نائٹ کور نے ایکس پر کہا، “جاری مشترکہ آپریشن کے دوران، 31 جنوری کی صبح ڈولگام کے عام علاقے میں وائٹ نائٹ کور، جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کے دستوں کے ذریعے ملی ٹینٹوں کے ساتھ رابطہ دوبارہ قائم کیا گیا۔اس نے کہا، “ایک گھیرا قائم کر لیا گیا ہے، اور کارروائیاں جاری ہیں” ۔اطلاعات کے مطابق، مشترکہ آپریشن ٹیم نے تین ملی ٹینٹوں کو دولگام کے برفانی اونچائی والے علاقے میں دیکھا، جس کے نتیجے میں آپریشن کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔خیال کیا جاتا ہے کہ ایک ملی ٹینٹ زخمی ہوا ہے۔ رپورٹوں سے پتہ چلتا ہے کہ ڈرون کی نگرانی میں مبینہ طور پر زخمی ملی ٹینٹ کے خون کے دھبے نظر آتے ہیں۔ پچھلے دو ہفتوں میں یہ چوتھی بار ہے کہ اس علاقے میں ملی ٹینٹوں کے ساتھ رابطہ قائم ہوا ہے۔برف سے ڈھکے چھاترو-ڈولگام-ڈیچھر پٹی میں ملی ٹینسی کے خلاف جاری آپریشن پچھلے کچھ دنوں سے جاری ہے۔آپریشن کے دوران ملک دشمن عناصر کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے، سنگھ پورہ، چنگام اور چھاترو کے چھ کلومیٹر کے دائرے میں جمعہ سے موبائل انٹرنیٹ خدمات کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔اس علاقے میں آپریشن 18 جنوری کو شروع کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں مندرال-سنگھ پورہ کے قریب سونار جنگل میں ایک شدید لڑائی ہوئی، جس کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک اور سات فوجی زخمی ہوئے۔اسکے بعد4بار ملی ٹینٹ فرار ہوئے ہیں، لیکن دو فٹ سے زیادہ برفباری کے باوجود سکیورٹی فورسز نے ان کا تعاقب جاری رکھا۔
فوجی کمانڈر
شمالی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پراتیک شرما نے انسداد ملی ٹینسی گرڈ کا جائزہ لینے کے لیے کشتواڑ کا دورہ کیا ۔لیفٹیننٹ جنرل ملی ٹینسی کے خلاف جاری آپریشن میں فوج کے غیر متزلزل عزم کے لئے انکی تعریف کی۔حکام نے بتایا کہ فوجی کمانڈر کا پہاڑی ضلع کا دورہ جموں خطہ میں سیکورٹی کی ابھرتی ہوئی حرکیات کا اعلیٰ سطحی جائزہ لینے کے بعد ہوا ہے، جس میں انسداد ملی ٹینسی گرڈ کو مضبوط بنانے پر توجہ دی گئی ہے۔