یو این آئی
سڈنی/سڈنی تھنڈر کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے شراب پی کر گاڑی چلانے کے مقدمے میں اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے ۔ وارنر کے وکیل بوبی ہل کے مطابق انہوں نے ایسٹر کے اتوار کے روز شراب نوشی کے بعد گاڑی چلانے کے الزام کو تسلیم کر لیا ہے ۔ اس وجہ سے بدھ کے روز انہیں ویورلی لوکل کورٹ میں ذاتی طور پر پیش ہونے کی ضرورت نہیں پڑی۔پانچ اپریل کو سڈنی میں سڑک کنارے کیے گئے شراب نوشی کے ٹیسٹ کے دوران وارنر کا نمونہ مثبت پایا گیا تھا۔ بعد ازاں پولیس اسٹیشن میں کیے گئے دوسرے ٹیسٹ سے معلوم ہوا کہ ان کے خون میں الکحل کی مقدار قانونی حد سے دوگنا سے بھی زیادہ تھی۔بوبی ہل نے پہلے کہا تھا کہ وارنر کو احساس ہے کہ انہوں نے جو کچھ کیا وہ غلط تھا۔
انہوں نے اس فیصلے کو غیر ذمہ دارانہ اور انتہائی نادانی پر مبنی قرار دیتے ہوئے تسلیم کیا کہ انہیں اپنی گاڑی چلانے کے بجائے کرایے کی گاڑی استعمال کرنی چاہیے تھی۔ ان کے مطابق ایسٹر کے موقع پر ایک گلاس شراب پینا جرم نہیں، لیکن اس کے بعد خود گاڑی چلانے کا فیصلہ کرنا ان کی بڑی غلطی تھی۔ کرکٹ نیو ساؤتھ ویلز کے چیف ایگزیکٹو لی جرمن نے وارنر کی گرفتاری کے بعد کہا تھا کہ یہ الزامات نہایت سنگین ہیں اور ادارہ انہیں انتہائی سنجیدگی سے لیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ نیو ساؤتھ ویلز محفوظ ڈرائیونگ کی بھرپور حمایت کرتا ہے ۔وارنر کے وکیل کے مطابق انہیں اپنے کیے پر گہرا افسوس ہے اور وہ عدالت سے نرمی کی درخواست کریں گے ۔ ان کا کہنا ہے کہ وارنر کو بھی کسی عام شہری کی طرح قانون کے مطابق ہی دیکھا جائے ۔ اس مقدمے میں سزا کا فیصلہ 18 اگست کو سنایا جائے گا۔