مینڈھر //مینڈھر قصبہ میں بدھ اور جمعرا ت کی درمیانی شب ہوئی شدید بارش کی وجہ سے نکاسی نظام مکمل مفلوج ہو کررہ گیا جبکہ نالیوں کا آلودہ پانی دکانوں میں داخل ہو نے سے ایک درجن سے زائد دکانوں میں تاجروں کا سامان و سامان کا نقصان ہوا ۔تاجروں نے مقامی انتظامیہ و متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی برسوں سے قصبہ کے نکاسی نظام کی بہتری کیلئے مانگیں کی جارہی ہیں لیکن ابھی تک محکمہ کی جانب سے کوئی دھیان ہی نہیں دیا گیا جبکہ معمولی بارش میں بھی نکاسی نظام مفلوج ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے ان کی دکانوں میں نالیوں کا پانی داخل ہونے سے ساز و سامان کا نقصان ہوتا ہے ۔گزشتہ روز ہونے والی بارش کی وجہ سے نالیوں کا پانی سڑکوں و گلیوں سے بہتا رہا ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کیساتھ ساتھ تاجروں طبقہ کا بھی نقصان ہوا ۔مقامی لوگوں و تاجروں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر میں نکاسی نظام کو معیاری بنانے کیلئے عملی بنیادوں پر اقدامات اٹھا کر محکمہ کو متحرک کیا جائے تاکہ ان کی مشکلات کم ہو سکیں ۔