پولیس اور عوام سے ملاقاتیں،پولیس اور عوام کے درمیان رابطہ مزید مضبوط بنانے پرزور
سمت بھارگو
راجوری/ریاسی//ریاسی ضلع کے دور دراز اور حساس پہاڑی علاقے گلاب گڑھ میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے اور آپریشنل تیاریوں کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ریاسی، پرمویر سنگھ نے منگل کے روز علاقے کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے فیلڈ فورسز کو ہدایت دی کہ ملی ٹینٹوںکے معاونین یعنی اوور گراؤنڈ ورکرز (او جی ڈبلیوز) پر سخت نظر رکھی جائے تاکہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔اس دورے کے دوران ایڈیشنل ایس پی ریاسی افتخار احمد، ایس ڈی پی او مہور پارول بھاردواج اور ڈی وائی ایس پی پی سی مہورچسانہ اظہرعلی شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ پولیس حکام کے مطابق دورے کا مقصد نہ صرف سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینا تھا بلکہ دور افتادہ علاقوں میں تعینات پولیس اہلکاروں کے حوصلے بلند کرنا اور عوامی رابطے کو مزید مضبوط بنانا بھی تھا۔
اس موقع پر گلاب گڑھ میں ایک عوامی میٹنگ کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں مقامی باشندوں، مذہبی علما اور علاقے کے معززین نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران ایس ایس پی ریاسی نے عوام کے مسائل اور خدشات کو تحمل کے ساتھ سنا اور انہیں یقین دلایا کہ پولیس عوام کی حفاظت اور سہولت کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لئے پولیس اور عوام کے درمیان مضبوط تعاون انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے مقامی لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گرد و نواح میں کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔دورے کے دوران ایس ایس پی ریاسی نے ولیج ڈیفنس گارڈزکے ارکان سے بھی ملاقات کی جس میں فوج کے افسران بھی موجود تھے۔ اس ملاقات میں پولیس، ولیج ڈیفنس گارڈز اور فوج کے درمیان بہتر تال میل کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا تاکہ علاقے میں مؤثر نگرانی اور بروقت معلومات کے تبادلے کو یقینی بنایا جا سکے۔ایس ایس پی نے علاقے میں تعینات پولیس اہلکاروں سے بھی بات چیت کی اور موجودہ انفراسٹرکچر کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر ضروری ساز و سامان کی دستیابی اور حالت کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فورسز پوری طرح تیار رہیں۔علاقے کے مشکل جغرافیائی حالات اور سیکورٹی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایس ایس پی ریاسی نے ہدایت دی کہ وقتاً فوقتاً فرضی مشقیں (موک ڈرلز)، طویل فاصلے کی گشت اور کارڈن اینڈ سرچ آپریشنزکو باقاعدگی سے انجام دیا جائے تاکہ فورسز ہر ممکن خطرے کا فوری اور مؤثر جواب دینے کیلئے تیار رہیں۔انہوں نے افسران کو یہ بھی ہدایت دی کہ ملی ٹینٹوںکے معاونین پر سخت نگرانی رکھی جائے، پولیس اور عوام کے درمیان رابطہ مزید مضبوط بنایا جائے اور موسم کے باعث ہونے والی نقل و حرکت پر بھی گہری نظر رکھی جائے کیونکہ اس سے سکیورٹی ماحول متاثر ہو سکتا ہے۔