عشرت حسین بٹ
منڈی // چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ مختار احمد منہاس نے سنیچر کو تعلیمی زون منڈی کے مختلف سرکاری اسکولوں کا اچانک معائنہ کیا۔ ان کے ہمراہ پرنسپل بوائز ہائر سیکنڈری اسکول منڈی اور زونل ایجوکیشن آفیسر منڈی کے اضافی چارج پر تعینات انور خان، اور پرنسپل ہائر سیکنڈری اسکول لورن بھی موجود تھے۔ اس دورے کا مقصد تدریسی معیار کا جائزہ لینا، فری ٹیکسٹ بْک اسکیم کے تحت کتابوں کی ترسیل کا معائنہ کرنا، ترقیاتی کاموں کی پیش رفت دیکھنا اور طلبہ و اسٹاف سے براہِ راست بات چیت کے ذریعے ان کے مسائل سمجھنا تھا۔معائنہ ٹیم نے لورن کے چھ دْور افتادہ اسکولوں کا رخ کیا۔ دورے کا آغاز مڈل اسکول کھڑپہ سے ہوا، جہاں 231 طلبائزیر تعلیم ہیں۔ سی ای او پونچھ اور زیڈ ای ائو منڈی نے صبح کی اسمبلی میں شرکت کی اور طلباء کو نشہ مْکت ابھیان کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے منشیات سے دور رہنے کی تلقین کی۔ انہوں نے آوارہ جانوروں سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اور اسکول احاطے میں صفائی مہم کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی دی۔زیڈ ای ائو منڈی نے اسٹاف کو تاکید کی کہ سردیوں کی تعطیلات سے قبل ہر طالب علم کو مفت کتابیں فراہم کی جائیں۔بعد ازاں ٹیم ہائی اسکول بٹلکوٹ پہنچی، جو ضلع کے سب سے دْور دراز اسکولوں میں شامل ہے۔ یہاں افسران نے ابتدائی جماعتوں کے طلباء میں مفت کتابیں تقسیم کیں، آئی سی ٹی لیب سمیت دیگر لیبارٹریوں کا معائنہ کیا اور تدریسی معیار، نظم و ضبط اور بنیادی ڈھانچے پر اطمینان کا اظہار کیا۔مڈل اسکول وانڈ گیگیاں میں کتابوں کی تقسیم، پری پرائمری طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ اسی دوران لورن کے 20 سے زائد معزز شہریوں پر مشتمل ایک وفد نے سی ای او پونچھ سے ملاقات کرکے بنیادی ڈھانچے کی کمی اور اسٹاف کی قلت جیسے مسائل سے آگاہ کیا۔ سی ای او نے مسائل کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ہائر سیکنڈری اسکول لورن میں سی ای او پونچھ نے پرنسپل سرندر کمار کی کارکردگی کو سراہا اور جاری پارٹ-II امتحانات کا جائزہ لیا، جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ بعد ازاں کے جی بی وی لورن میں انہوں نے طالبات کی رہائش، صحت و صفائی اور تعلیمی معیار کا معائنہ کیا اور نئی عمارت کے مجوزہ مقام کا بھی دورہ کیا۔گرلز مڈل اسکول لورن میں تدریسی سرگرمیوں اور کتابوں کی تقسیم کا جائزہ لیا گیا اور دونوں اداروں کے لیے مشترکہ ٹائم ٹیبل کی ہدایت دی گئی تاکہ انسانی وسائل کو مؤثر طریقے سے استعمال کیا جا سکے۔دورے کے اختتام پر سی ای او پونچھ نے زیڈ ای ائو منڈی کو ہدایت دی کہ ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن جموں کی جانب سے جاری رہبر تعلیم اساتذہ کی باہمی تبادلوں کے احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔