مینڈھر //مینڈھر میں سکھ کنبے نے فوج کے خلاف احتجاجی دھرنادیتے ہوئے الزام لگایاکہ ان کی زمین پر فوج کوئی تعمیراتی کام نہیں ہونے دے رہی ۔سریندر سنگھ اوراس کے گھر والوںنے فوج کے خلا ف احتجاج کرتے ہوئے ایئرپورٹ کے باہر والی سڑک بند کردی ۔اس موقعہ پر سریندر نے بتایاکہ اس کی وراثتی زمین پر فوج نے قبضہ کررکھاہے اوراس کو چھوڑ انہیںجارہا۔اس کاکہناہے کہ وہ غریب شخص ہے اوراس کے پاس کوئی گزر بسر نہیں۔سریندر کے مطابق سنیچر کو اس نے اپنی زمین پر تعمیرکاکام شروع کیا جس کو دیکھتے ہوئے فوج وہاں پہنچ گئی اور انہیں کام نہیں کرنے دیا۔سریندر نے الزام عائد کیاکہ فوجی اہلکاروںنے ان کی خواتین سے بدتمیزی کی ہے ۔اس واقعہ کے بعد سریندر اور اس کے گھروالے سڑک پر جمع ہوگئے اور انہوںنے فوج کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ ا ن کی زمین خالی کی جائے ۔ انہوںنے کہاکہ ان کے ساتھ کچھ لوگوںنے دوکانیں تعمیر کی ہیںجنہیں فوج کی طرف سے نہیں روکاگیا لیکن نہ جانے کیاوجہ ہے کہ اسے اپنی ہی زمین سے بے دخل کردیاگیاہے ۔سریندر چوہدری نے اس موقعہ پر آزادی کے نعرے تک بلند کئے ۔اس دوران ایک گھنٹے تک مینڈھر پونچھ روڈ بند رکھی گئی جس کے بعد ایس ایچ او مینڈھر نے موقعہ پر پہنچ کر یقین دلایاکہ ان کے ساتھ انصاف کیاجائے گا۔اس سلسلے میں سریندر نے پولیس تھانہ مینڈھرمیں فوج کے خلاف ایک تحریری شکایت بھی درج کرائی ہے ۔