پونچھ//ضلع پنچایت افسر پونچھ اور چیف ایگزیکٹو افسر مونسپل کونسل پونچھ کی قیادت میں دونوں محکمہ جات کی جانب سے سوچھتا ہی سیوا مہم کے تحت ہائر سکنڈری بوائز پونچھ میں صفائی مہم چلائی گئی اور اس دوران بیداری کیمپ کا اہتمام بھی کیاگیا ۔ اسکول کے پرنسپل،سی ای او میونسپل کونسل ارشاد صوفی، ڈی پی او پونچھ اوراساتذہ اور طلبہ نے اپنے ہاتھوں میں جھاڑو اٹھا کر اسکول کے ارد گرد صفائی کی اور دوسروں کو اپنے اردگرد صفائی رکھنے کا پیغام دیا۔ ضلع انتظامیہ نے پہلے سے ہی15 ستمبر تا 2 اکتوبر 2017 تک صفائی مہم کے تحت ہونے والی سرگرمیوں کا ایک کیلنڈر جاری کیا ہے جس کے تحت جگہ جگہ صفائی مہم چلائی جائے گی ۔ہائر اسکینڈری اسکول کے ارد گرد صفائی کے بعد ڈی پی او پونچھ نے سوئوچھ بھارت مشن (ایس بی ایم) پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں لوگوں کو صفائی کے سلسلہ میں بیدار کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے طلبا اور اساتذہ کو اسکول کی صفائی کے لئے سرگرمیاں شروع کر کے سکول کے احاطے میں صفائی کو برقرار رکھنے کی اپیل کی ۔انہوں نے کہا کہ سکولی عمارتوں ، دفاتر، کلاسوں کے کمروں، لائبریریوں، لیبارٹریز کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدانوں کی صفائی بھی لازم ہے جس میں طلبا اور اساتذہ کو ذاتی طور پر شامل ہونا چاہئے۔ بیداری پروگرام کے دوران دیگر مقررین نے بھی سوئوچھ بھارت مشن کے تحت صفائی اور پودے لگانے کے لئے کمیونٹی کو متحرک کرنے پر بھی زور دیا ۔سی ای او میونسپل کونسل پونچھ نے پولی تھین کے استعمال سے متنبہ کرتے ہوئے کہاکہ مہم کے تحت اگلے چند ہفتوں میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے طالب علموں کیلئے مصوری مقابلہ، سمپوزیم اور دیگر پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔