سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے جمعرات کی شب فورسز کی فائرنگ سے لارنو اننت ناگ کے نوجوان سومو ڈرائیور کی ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہلوک پرویز احمد کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی وجہ یہ بتائی گئی کہ اُس نے ناکے پر گاڑی نہیں روکی۔ اُن کا کہنا تھا کہ سیکورٹی ہائی الرٹ اس طرح بندوقوں کے دہانے کھولنے کی وجہ نہیں بن سکتی ۔
فورسز کے اعلیٰ حکام کو اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ حالات کو مزید ابتر نہ بنایا جائے اور سیکورٹی ہائی الرٹ کے دوران ایس او پیز پر مکمل عمل کیاجائے۔ دونوں لیڈران نے کہا کہ پرویز احمد بوکڈا ایک انتہائی غریب گھرانے سے تعلق رکھتا اور اپنے اہل خانہ کا واحد کمائو تھا، مہلوک نوجوان کے پسماندگان میں 2معصوم بچیاں بھی شامل ہیں۔ مہلوک نوجوان کے اہل خانہ میں کو ایک سرکاری نوکری اور بھر پور مالی امداد کی جائے۔ پی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی نے کہا کہ 5 اگست2019 کے بعد جموں و کشمیر میںجو غلط پالیسیاں اختیار کی گئیں ، تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کیلئے براہ راست ذمہ دار ہیں۔پی ڈی پی صدرنے خاتون پرنسپل کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اننت ناگ میں ایک شہری کے قتل کی بھی مذمت کی اورکہا کہ یہ ستم ظریفی ہے کہ حکومت کی طرف سے کہا گیا کہ مقتول نوجوان فورسز پر حملہ کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔اپنی پارٹی صدر الطاف بخاری نے اننت ناگ میں منگہال پل پر شہری کے قتل کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اِس کو بدقسمت آمیز اور بلا اشتعال واقعہ قرار دیا ہے۔بخاری نے کہاکہ کوئی بھی صورتحال ہو یا حالات ہوں ، سیکورٹی فورسز کے ذریعے شہری ہلاکتوں کی کوئی جوازیت پیش نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا’’منگہال پُل پر دو معصوم بچیوں کے باپ کی ہلاکت دل دہلا دینے والی ہے،اس طرح کے قابل مذمت واقعات کا کوئی جواز نہیں ہو سکتا اور بالخصوص سیکورٹی فورسز سے اپیل ہے کہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں تاکہ امن دشمن عناصر کے عزائم کو ناکاپاک بنایاجاسکے ‘‘۔بخاری نے کہاکہ سیکورٹی فورسز کو صبر وتحمل کا مظاہرہ کرنے کی تربیت دی گئی ہے اور اُنہیں جموں وکشمیر میں امن، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور عدم واستحکام کو نقصان پہنچانے والی طاقتوں کے جھانسے میں نہیں آنا چاہئے۔