بانڈی پورہ //بانڈی پورہ میں پولیس نے (ٹی آر ایف)نامی جنگجو تنظیم کے نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد شفیع لون عرف سونو کے قتل کی سازش میں ملوث چار نوجوانوں کو گرفتار کیا۔بانڈی پورہ پولیس کی ایک خصوصی ٹیم کو اس معاملے کی تفتیش سونپی گئی تھی اور مکمل انسانی اور تکنیکی تصدیق کے بعد ،4 اعانت کاروں پر مشتمل نیٹ ورک بے نقاب کیا گیا۔گرفتار افراد کی شناخت طارق احمد ڈار عرف طارق کھوچہ ، محمد شفیع ڈار ، مدثر حسن لون اور بلال ڈارعرف صاحب کھوچہ کے طور پر ہوئی ہے۔ تاہم ، قتل میں ملوث دہشت گردوں میں سے ایک ساتھی ، جس کی شناخت امتیاز احمد ڈار عرف کوترو کے نام سے ہوئی ہے ، مفرور ہے اور مبینہ طور پر جنگجوئوں کی صفوں میں شامل ہو گیا ہے۔پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ سومو سٹینڈ صدر کا قتل پاکستان کے رہائشی لالہ عمر کے کہنے پر کیا گیا۔ مذموم ڈیزائن کو انجام دینے کے لیے ، شاہ گنڈ ، حاجن کے علاقے کے ٹی آر ایف ماڈیول کے ذریعے سازش رچی گئی۔ ماڈیول نے ہدف کا مکمل جائزہ لیا اور اس کی تمام حرکات کو قریب سے دیکھا ۔ اُس بدقسمت شام کو ، جنگجوئوںکے ایک ساتھی نے متاثرہ شخص کو گنڈ بھون میں ملاقات کے لیے بلایا اور مذکورہ جگہ پر پہنچنے کے بعد ، ماڈیول کے دیگر ارکان کی جانب سے ایک تفصیلی گھات پہلے ہی لگایا گیا تھا۔اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 76/2021 کے تحت پولیس اسٹیشن حاجن میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔