جموں/ٹرانسپورٹ اور دیہی ترقی کے وزیر مملکت سنیل شرما نے سڑک رابطوں اور رسل و رسائل کو ترقی کیلئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان سیکٹروں کو آگے بڑھانے سے دیہی علاقوں میں اقتصادیات کو فروغ حاصل ہوتا ہے ۔وزیر نے ان باتوںکا اظہار سینٹرل یونیورسٹی آف جموں کے ماس کمیونکیشن اینڈ نیو میڈیا شعبہ کی طرف سے دیہی رپورٹنگ سے متعلق سات روزہ فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگرام کی ایک فتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وائس چانسلر سینٹرل یونیور سٹی آف جموں اشوک ایما بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔وزیر موصوف نے اس موقعہ پر کہا کہ حکومت دیہی علاقے کے لوگوں کو بنیاد ی سطح پر مختلف سہولیات بہم پہنچانے کی وعدہ بند ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے دیہی علاقوں میں بہتر رسل ورسائل کے ذرائع مہیا کرانے کے لئے کئی اختراعی پروگرام شروع کئے ہیں جن میں سوبھاگیا اور سڑک یوجنا جیسے سکیمیں شامل ہیں ۔اس موقعہ پر سی یو کے جموں کے وائس چانسلر نے کہا کہ یہ پروگرام دیہی علاقوں میں روابط قائم کرنے کے لئے نقش راہ تیار کرنے میں ایک سنگ میل کی حیثیت اختیار کرے گا۔انہوںنے کہا کہ اس پروگرام کے دوران مدعوبین کو کلاس روم تربیت کے ساتھ ساتھ پس منظر کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں میں مثبت تبدیلی لاسکے۔ اس موقعہ پر ناظم اطلاعات و رابطہ عامہ منیر الاسلام نے بھی سرکاری پالیسیوں کے بارے میں عوامی رائے عامہ قائم کرنے کے موضوع پر ایک لیکچردیا۔ انہوں نے اس موقعہ پر شرکاء کے سوالات کا بھی جواب دیا۔ یہ پروگرام یکم مارچ تک جاری رہے گا جس میں ملک بھر کی مختلف یونیورسٹیوں کے فیکلٹی ممبران بھی شرکت کریں گے۔اس دورا ن این سی آر حیدر آباد کے نمائندے ایس این داس نے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ اس میں شریک تعلیم دانوں کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کا موقعہ ملے اور سیکھنے سکھانے کے عمل کو فروغ حاصل ہوسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ دیہی رسل و رسائل کے مختلف موضوعات پر اس پروگرام کے دوران لیکچر دئیے جائیں گے ۔علاوہ ازیں کئی فلمیں بھی دکھائی جائیں گی۔اس موقعہ پر این سی ای آر نے یونیورسٹی کے ایک طالب عالم وسیم حسن خان کو سکالرشپ بھی پیش کی۔شعبہ ماس کمیونکیشن اینڈ نیو میڈیا کے سربراہ پروفیسر گووند سنگھ اور مختلف یونیورسٹیوں کے فیکلٹی ممبران اس موقعہ پر موجو د تھے۔