راجوری //یاتریوں کی ہلاکت کے خلاف سندر بنی میں ہندو برادری کی طرف سے احتجاج کیاگیا جس کی وجہ سے جموں پونچھ شاہراہ پر کئی گھنٹے گاڑیوں کی آمدورفت بند رہی ۔بڑی تعداد میں مظاہرین روڈ پر جمع ہوگئے اور انہوںنے سندر بنی چوک میں گاڑیوں کی آمدورفت بند کرکے نعرے بازی کی ۔انہوںنے کہاکہ دہشت گردوں نے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایاہے جو غیر انسانی فعل ہے ۔انہوںنے کہاکہ حملہ آوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایاجائے ۔ احتجاج میں ممبراسمبلی نوشہرہ رویندر رینہ اور ممبر قانون ساز کونسل سریندر چوہدری نے بھی شمولیت کی اور یاتریوں پر حملے کی مذمت کی ۔ بعد میں انتظامیہ و پولیس افسران موقعہ پر پہنچے اور انہوںنے مظاہرین سے بات چیت کرکے سڑک کھلوائی ۔احتجاج کی وجہ سے لگ بھگ ڈیڑھ گھنٹے تک گاڑیوں کی آمدورفت بند رہی ۔