عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے یوٹی بجٹ کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے عوام دوست اور جامع قرار دیا ہے۔ بجٹ پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ حکومت نے مختلف طبقات کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے متوازن اقدامات پیش کیے ہیں اور ہر طبقے کے لیے کچھ نہ کچھ رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ بجٹ مجموعی طور پر بہتر ہے اور اس سے عام شہری سے لے کر کاروباری طبقے، کسانوں، نوجوانوں اور ملازمین سب کو فائدہ پہنچنے کی امید ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا تھا کہ معیشت کی مضبوطی، روزگار کے مواقع اور ترقیاتی منصوبوں پر جو توجہ دی گئی ہے، وہ مستقبل کے لیے مثبت اشارہ ہے۔